باغ، بہاولنگر میں ٹریفک حادثات، 5 پولیس اہلکاروں سمیت 10 جاں بحق
باغ ،بہاولنگر (مانیٹرنگ ڈیسک، نامہ نگار)باغ اور بہاولنگر میں ٹریفک حادثات میں 5 پولیس اہلکاروں سمیت 10 افرا جاں بحق اور 16 شدید زخمی ہوگئے۔
بتایاگیاہے کہ آزاد کشمیر کے علاقے باغ میں فاروڈ کہوٹہ سے براستہ لس ڈنہ راولاکوٹ جانے والی بس کھائی میں گرنے سے 5پولیس اہلکار جاں بحق ہوگئے ،جن میں ذاکر اعوان اے ڈی ریجن آفس پونچھ، نوید انسپکٹر ایس ایچ او کھائیگلہ، یاسر کیانی انسپکٹر ٹیلی کمیونیکیشن و پی ایس او ٹو ڈی آئی جی پی ریجن پونچھ، علی بخاری سب انسپکٹر ریڈر ٹو ڈی آئی جی پی ریجن پونچھ اور محمد فہیم کانسٹیبل اکاؤنٹ برانچ ریجن آفس پونچھ شامل ہیں۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے شہیدپولیس اہلکاروں کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہاکہ دکھ کی گھڑی میں سوگوار خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں، اللہ تعالیٰ غمزدہ خاندانوں کو صبر جمیل عطافرمائے ۔ ادھر بہاولنگرمیں ہارون آباد روڈ پر تیز رفتار بس اور مسافرویگن میں تصادم کے نتیجے میں 2خواتین سمیت پانچ افراد جاں بحق او ر16 شدید زخمی ہوگئے جن میں سے سات افراد کی حالت نازک ہے ۔اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں،لاشوں اور زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کردیا جبکہ تشویشناک حالت پر پانچ زخمیوں کو بہاولپور اوردو کو لاہور کے ہسپتالوں میں ریفرکردیاگیا۔ ایم پی اے سہیل خان اور ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال میں زخمیوں کی عیادت کی اور ڈاکٹرز وطبی عملے کو بہترین علاج معالجے کے احکامات جاری کئے ۔