یوم تکبیر قومی خودمختاری اور اتحاد کی علامت: کراچی بار
کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی بار ایسوسی ایشن نے یوم تکبیر کو قومی خودمختاری اور اتحاد کی علامت قرار دیا ہے ۔
کراچی بار ایسوسی ایشن نے 28 مئی کو یومِ تکبیر کی مناسبت سے جاری اعلامیہ میں اسے پاکستان کی تاریخ کا ایک فیصلہ کن دن قرار دیتے ہوئے کہا کہ آج کے دن ملک نے ایٹمی طاقت بن کر دنیا میں ساتویں اور اسلامی دنیا میں پہلی ایٹمی طاقت ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔ بیان میں کہا گیا کہ 28 مئی 1998 کو چاغی، بلوچستان میں ایٹمی دھماکے ایک قومی خودمختاری، سائنسی ترقی اور قومی اتحاد کی علامت بنے ۔ یہ اقدام کسی جارحیت کا مظاہرہ نہیں بلکہ پاکستان کے حقِ خودارادیت، اسٹریٹجک توازن اور علاقائی استحکام کے اصولی موقف کا اظہار تھا۔ کراچی بار ایسوسی ایشن نے محسنِ پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان اور دیگر تمام سائنسدانوں کو خراجِ تحسین پیش کیا جنہوں نے ملک کے دفاع کو مضبوط بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ بیان میں کہا گیا کہ بطور ایک آئینی ادارہ اور قانونی برادری کی آواز کراچی بار ایسوسی ایشن اس بات کی یاددہانی کراتی ہے کہ پاکستان کی اصل طاقت قانون کی بالادستی، عدل، اور آئین کی حکمرانی میں ہے ۔ ہماری دفاعی قوت کو ہمیشہ امن، انسانی وقار اور جمہوری تسلسل کے مقصد کے لیے استعمال ہونا چاہیے ۔بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ہماری خودمختاری مقدس ہے اور ہماری وحدت ناقابلِ تسخیر ہے ۔