بلوچستان:بھارت کی پشت پناہی سے سوراب میں حملہ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر شہید،بینک لوٹ لیا:آپریشن کامیاب 5ہشتگرد ہلاک

بلوچستان:بھارت کی پشت پناہی سے سوراب میں حملہ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر شہید،بینک لوٹ لیا:آپریشن کامیاب 5ہشتگرد ہلاک

کو ئٹہ (کرائم رپورٹر)بلوچستان کے ضلع سوراب میں بیسیوں مسلح افراد شہر میں داخل ہو گئے اور لیویز اور پولیس تھانوں، بینک اور سرکاری آفیسر کی رہائش گا ہ پر حملہ کر کے انہیں نذر آتش کردیا۔

بینک میں لوٹ ماربھی کی گئی جبکہ پولیس اہلکاروں کا اسلحہ چھین لیا،کو ئٹہ کراچی قومی شاہراہ پر گاڑیوں کو روک کر تلاشی لیتے رہے ،حملے کے دوران ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرریونیو سوراب شہید ہوگئے ،واقعہ کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کا محاصرہ کر لیا اورفائرنگ کے تبادلے میں5 دہشتگرد حملہ آورہلاک ہوگئے جن سے بھارتی ساخت کا اسلحہ ایمونیشن برآمد ہوا ،ان  بھارتی سپانسرڈ دہشت گردوں کے ساتھی پہاڑوں کی جانب فرار ہوگئے ۔ ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند نے سوراب میں بینک اور انتظامی آفیسر کی رہائش گاہ پر دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے یہ حملہ ریاستی رٹ کو چیلنج کرنے کی ایک مذموم کوشش ہے ۔سوراب بازار میں دہشت گردوں نے بینک لوٹ لیا جبکہ مختلف سرکاری افسروں کے گھر بھی نذر آتش کئے ،حملے کے دوران اے ڈی سی ریونیو ہدایت بلیدی نے دہشت گردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا،ان کی رہائشگاہ پر اس وقت خواتین اور بچے بھی موجود تھے ۔

شاہد رند کا کہنا تھا کہ اس پوری کارروائی میں ہندوستان کی پراکسیز ملوث ہیں جنہوں نے اپنے آقاؤں کی ایما پر یہ حملہ کیا۔ ریاست دشمن عناصر کی ہر کوشش ناکام بنانے کیلئے پرعزم ہیں ،بھار تی پراکسیز نے بلوچ علاقوں کو اور بلوچ خواتین و بچوں کو ٹارگٹ کر کے ایک دفعہ پھر ثابت کیا کہ ان انڈین سپانسرڈ دہشت گردوں کا بلوچستان اور بلوچ روایات سے کوئی تعلق نہیں۔ذرائع کے مطا بق جمعہ کی سہ پہر سوراب بازار میں 70 سے زائد نا معلوم مسلح افراد مختلف گروپوں کی شکل میں داخل ہو گئے اور کوئٹہ کراچی شاہراہ کو بلا ک کر کے گاڑیوں کو روک کر ان کی تلاشی لیتے رہے جس کی وجہ سے ٹرانسپورٹروں او ر مسافروں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ حملہ آوروں نے بازار میں گھس کر نجی بینک، پولیس اور لیویز تھانوں اور دیگر سرکاری عمارتوں کے ساتھ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سوراب ہدایت اﷲ بلیدی کی سرکاری رہائش گا ہ کا محاصرہ کر کے اسے نذر آتش کر دیا اور پولیس ، لیویزاہلکاروں کا اسلحہ لے گئے ،بینک میں لوٹ مار بھی کی گئی ۔ایف سی ، لیویز اور پولیس سمیت مقامی انتظامیہ موقع پر پہنچ گئی، حملہ آورو ں اور فورسز کے درمیان فائرنگ کے نتیجے میں پانچ حملہ آور مارے گئے جبکہ باقی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے پہا ڑوں کی جا نب فرار ہوگئے ۔

رات گئے سکیورٹی فورسز کی جانب سے کوئٹہ کراچی شاہراہ کو آمدورفت کے لئے بحال کر دیا گیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے بزدلانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہید ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہدایت اللہ بلیدی کو خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔انہوں نے کہا بزدل دہشت گردوں نے معصوم و نہتے شہریوں بشمول بچوں اور خواتین کو نشانہ بنایا، شرانگیزی میں ملوث بزدل دہشت گردوں کا معصوم شہریوں اور ان کی املاک پر حملہ ان کی عوام دشمن اور بلوچستان کی ترقی کے خلاف سوچ کی کھلی و واضح عکاسی ہے ، دہشت گردوں کے ارض وطن سے صفایا تک جنگ جاری رکھیں گے ۔شہباز شریف نے کہا بھارتی سر پرستی میں دہشت گردی پھیلانے والے عناصر کی ملک سے مکمل صفائی کیلئے پوری قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ،وزیراعظم نے واقعہ کے ذمہ داروں کی نشاندہی کرکے انہیں قرار واقعی سزا دلوانے کی ہدایت کی ۔ وزیرداخلہ محسن نقوی نے سوراب میں فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کے بزدلانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے دہشتگردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے شہید ہونے والے اے ڈی سی ریونیو ہدایت بلیدی کو خراج عقیدت پیش کیا ۔ محسن نقوی نے کہا شہید افسر ہدایت بلیدی نے جان دے کر فرض شناسی کی اعلیٰ مثال قائم کی۔فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں نے ریاستی رٹ کو چیلنج کیا ،دہشتگردوں کو ڈھونڈ کر عبرتناک انجام تک پہنچائیں گے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں