سرکاری فلیٹس اور اپارٹمنٹس میں پالتوجانوررکھنے پرپابندی
لاہور(اپنے نامہ نگار سے )پنجاب حکومت نے سرکاری رہائش گاہوں میں پالتو جانور رکھنے کے نئے ایس اوپیز جاری کردئیے جس کے تحت کسی بھی پالتو جانور کو رکھنے کیلئے پراپرٹی منیجر سے باقاعدہ اجازت لینا ہوگی۔
جبکہ جانور کی عمر، نسل، ویکسی نیشن کا ریکارڈ اور مالک کی معلومات پراپرٹی منیجر کے پاس درج کروانا لازمی قراردیدیاگیا۔فلیٹس یا اپارٹمنٹ طرز کی رہائش گاہوں میں جانور رکھنا مکمل طور پر ممنوع ہوگا ،ہر قسم کے پرندے یا پولٹری کی صرف ایک جوڑی رکھنے کی اجازت ہوگی ،خطرناک یا جنگلی جانور پالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی،تمام جانوروں کی ویکسی نیشن لازمی قرار دی گئی ہے اور اس کا ثبوت پراپرٹی منیجر کو فراہم کرنا ہوگا،باقاعدگی سے جانوروں کا طبی معائنہ اور اس کا ریکارڈ رکھنا ضروری ہوگا،جانوروں کو تربیت دی جائے تاکہ وہ ہمسایوں کو تنگ نہ کریں، عام جگہوں پر صرف پٹے کے ساتھ اور مالک کی نگرانی میں ہی جانوروں کو لایاجاسکے گا،مشترکہ جگہوں مثلاً کوریڈور، لفٹ یا باغات میں جانوروں کو آزاد چھوڑنے پر مکمل پابندی ہوگی۔