ملزمان کو جعلی اِنکاؤنٹر میں مارنا عدالتی نظام پر طمانچہ:عدالت
راولپنڈی (خبر نگار)انسداد دہشتگردی عدالت نے ایس ایچ او روات اور تفتیشی افسر صدر سرکل کو جعلی اِنکاؤنٹر پر شو کاز نوٹس جاری کردیا اور 2 جون کو طلب کرلیا۔
روات پولیس نے خطرناک منشیات فروش واحد عرف واحدی کو 27 مئی کو پولیس مقابلے میں ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔پولیس نے اے ٹی سی سے 20 مئی کو اس کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری حاصل کئے تھے ۔ شوکاز نوٹس کے متن کے مطابق عدالت کو سوشل میڈیا اور پریس سے معلوم ہوا آپ نے ملزم کو جعلی اِنکاؤنٹر میں ہلاک کیا ہے ، جو آپ اور آپ کے سینئرز سی پی او اور ایس ایس پی آپریشنز کی ملی بھگت سے کیا گیا ، بدقسمتی سے کسی بھی شہری کو جعلی پولیس مقابلے میں ہلاک کرنا روایت بن چکی ہے ، ملزمان کو جعلی اِنکاؤنٹر میں مارنا عدالتی نظام پر طمانچہ ہے ، ملزم کا اِنکاؤنٹر ہی کرنا تھا تو یہ کام عدالت کا سہارا لئے بغیر کیا جاسکتا تھا، ملزم کے غیر ضمانتی وارنٹ گرفتاری حاصل کرکے اسے جعلی پولیس مقابلے میں قتل کرنا توہین عدالت ہے ، عدالت میں ذاتی حیثیت میں پیش ہوکر بتائیں کیوں نے آپ اور آپ کے سینئرز کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کیا جائے ۔