غیر قانونی سوسائٹیاں،جلد کریک ڈاؤن ہوگا:ڈی جی نیب لاہور

غیر قانونی سوسائٹیاں،جلد کریک ڈاؤن ہوگا:ڈی جی نیب لاہور

لاہور(اپنے نامہ نگا رسے )ڈائریکٹر جنرل قومی احتساب بیورو(نیب)لاہور احترام ڈار نے کہا نیب عنقریب غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے خلاف میگا کریک ڈاؤن کا آغاز کریگا۔

نیب اجلاس میں مختلف فیصلے کئے گئے جن کے تحت پنجاب میں منظور اور غیر منظور شدہ ہاؤسنگ سوسائٹیز میں پلاٹوں کی خریدوفروخت کی مانیٹرنگ کی جائے گی ،اس سلسلے میں کہا گیا کہ سپانسرز الاٹی کے ساتھ رجسٹرڈ معاہدے کریں ،ڈویلپمنٹ اتھارٹیز نگرانی کی پابند ہونگی ،گورننگ رولز کے تحت ہاؤسنگ سوسائٹیز کا ڈویلپمنٹ ورکس مانیٹر کیا جائے ، پراپرٹی ڈیلرز کو رئیل اسٹیٹ ریگولیرٹی اتھارٹی میں رجسٹرڈ کروایا جائے ،تا کہ فراڈ کیسز نہ ہوں،الاٹ کردہ پراپرٹی کی نمبرنگ کی جائے گی،پراپرٹی بغیر نوٹس کے منسوخ نہ کی جائے ،پلاٹ کی منسوخی کے وقت 30فیصد ،20فیصد کے بجائے 10 فیصد چارجز لئے جائیں ،ہاؤسنگ سوسائٹیز وضع کردہ قوانین کے تحت شہریوں سے ڈویلپمنٹ چارجز لیں ،ترقیاتی چارجز اور پلاٹ کی قیمت بعدمیں بلاجواز نہ بڑھائی جائے ،انسٹالمنٹ پلان ،سپانسرالاٹی کے ساتھ رجسٹرڈ ایگریمنٹ کی نقول ڈویلپمنٹ اتھارٹیز کو دینے کا پابند ہوگا ۔ ڈی جی نیب احترام ڈار نے ڈویلپرز کو ہدایت کی ہے کہ ریگولیٹر کو کام شروع کرنے سے قبل تحریری اطلاع دیں۔ اجلاس میں روڈا کی جانب سے شکایت کی گئی کہ بعض سکیموں میں ڈیلرز بغیر مجاز اجازت کے پلاٹ فروخت کررہے ہیں۔ جس پر ڈی جی نیب لاہور نے متعلقہ ذمہ داروں کو فوری معاملے کو دیکھنے کے احکامات جاری کردئیے ، احترام ڈار نے کہاکہ نیب احکامات کی خلاف ورزیوں کی صورت میں سخت ایکشن لیا جائے گا ،نیب حکام نے سیکرٹری بلدیات، ایل ڈی اے ، ایف ڈی اے سمیت تمام ڈویلپمنٹ اتھارٹیز، سی ای او روڈا کو بھی ہدایات جاری کردیں۔ دریں اثنا ڈی جی نیب لاہور کی سربراہی میں ماہانہ کھلی کچہری کا اہتمام کیا گیا جس میں پونزی سکیموں اور غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے سینکڑوں متاثرین نے شرکت کی۔ ڈی جی نیب لاہور نے کھلی کچہری کے دوران متاثرین کے مسائل کو سنا اور ان کے حل کے لیے فوری احکامات جاری کیے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں