احمد پور شرقیہ :پاکستان ایکسپریس کی دو بوگیاں ٹریک سے اتر گئیں،مسافرمحفوظ رہے
لاہور،احمد پور شرقیہ(اپنے کامرس رپورٹر سے، آئی این پی)احمد پور شرقیہ میں پاکستان ایکسپریس کی دوبوگیاں ٹریک سے اتر گئیں تاہم تمام مسافر محفوظ رہے۔
ریلوے حکام کے مطابق کراچی سے راولپنڈی جانے والی پاکستان ایکسپریس کی دوبوگیاں اے سی سٹینڈرڈ اور ڈائننگ کار مبارک پور سٹیشن کے قریب پٹری سے اتر گئیں، ڈائننگ کار بوگی وہیل الگ ہونے پرکچے میں گر گئی، بوگیاں پٹری سے اترنے سے اپ اینڈ ڈاؤن ٹریک پر ریلوے ٹریفک معطل ہوگئی ۔ حادثے پرکئی ٹرینوں کو مختلف سٹیشنوں پر روک لیا گیا ، سیالکوٹ جانیوالی علامہ اقبال ایکسپریس کو احمد پور ، راولپنڈی جانیوالی تیز گام کو لیاقت پور ، کراچی ایکسپریس اور ملت ایکسپریس کو خانپور سٹیشن اور ملتان جانیوالی بہائو الدین ایکسپریس کو رحیم یار خان ریلوے سٹیشن پر روک لیا گیا جبکہ ملتان سے ریلیف ٹرین جائے حادثہ پرروانہ کر دی گئی ۔ریلوے حکام کاکہناہے کہ ٹریک بحالی کا کام جاری ہے ، ٹرینوں کیلئے جلد بحال کردیاجائیگا۔