سپیکر ایازصادق کیخلاف تحریک عدم اعتماد لائینگے : عمران
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان تحریکِ انصاف کے بانی عمران خان کا کہنا ہے کہ انھوں نے اپنی جماعت کو ملک گیر عوامی احتجاج شروع کرنے کا حکم دیا ہے جس کی قیادت جیل سے وہ خود کریں گے۔
سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے خلاف تحریک عدم اعتماد لا ئیں گے ،سپیکر کے ہوتے ہوئے ایوان سے اراکین قومی اسمبلی کو اغوا کیا گیا اور پی ٹی آئی کے ایم این ایز کی تقاریر سنسر کر دی جاتی ہیں۔اتوار کے روز (ٹوئٹر اکاؤنٹ) ایکس سے جاری پیغام میں عمران خان کا کہنا تھا پارٹی کے تمام عہدیداران کو پیغام ہے کہ جس میں بھی دباؤ برداشت کرنے کی قوت نہیں وہ عہدے سے الگ ہو جائے اور اپنی جگہ انھیں موقع دے جو پریشر برداشت کرنے کا حوصلہ رکھتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی تاریخ میں کسی سیاسی جماعت کے ساتھ اس قدر ظلم نہیں ہوا جیسا تحریکِ انصاف کے ساتھ کیا گیا۔ایسے میں ہمارے پاس ملک گیر احتجاج کے سوا کوئی چارہ نہیں ۔عمران خان کا کہنا تھا کہ انھوں نے اپنی جماعت کو پیغام بھیجا ہے کہ ملک گیر عوامی احتجاج کی تیاری کریں جس کی قیادت بطور پارٹی سربراہ جیل سے وہ خود کریں گے۔