عمران خان کا چوتھی بار پولی گرافک ٹیسٹ دینے سے انکار

عمران خان کا چوتھی بار پولی گرافک ٹیسٹ دینے سے انکار

راولپنڈی ،اسلام آباد(خبر نگار ، اپنے نامہ نگار سے )بانی پی ٹی آئی عمران خان نے پولی گرافک ٹیسٹ دینے سے چوتھی بار انکار کر دیا۔عدالتی حکم پر لاہور پولیس کی 12 رکنی ٹیم ڈی ایس پی آصف جاوید کی سربراہی میں اڈیالہ جیل پہنچی تھی۔۔۔

 پولیس ٹیم پہلے بھی تین مرتبہ بانی پی ٹی آئی سے رابطہ کر چکی ہے ، بانی قبل ازیں تحریری طور پر ٹیسٹ کرانے سے انکار کر چکے ہیں۔تفتیشی ٹیم میں انسپکٹر محمد اسلم، انسپکٹر محمد عالم اور انسپکٹر محمد ارحم شامل ہیں، پنجاب فرانزک یونٹ کے عابد ایوب بھی تفتیشی ٹیم کا حصہ تھے ۔ادھر اسلام آباد ہائیکورٹ میں زیر سماعت بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی اپیلوں اور سزا معطلی درخواستوں میں پیروی کیلئے قومی احتساب بیورو کی نئی خصوصی پراسیکیوشن ٹیم تشکیل دے دی گئی۔پراسیکیوٹر جنرل نیب سید احتشام قادر شاہ کی منظوری سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل سردار مظفر عباسی کی سربراہی میں پانچ رکنی سپیشل پراسیکیوشن ٹیم ہائیکورٹ میں زیر سماعت190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں اپیلوں اور سزا معطلی درخواستوں میں نیب کی جانب سے پیش ہوگی، نئی پراسیکیوشن ٹیم میں سپیشل پراسیکیوٹرز عرفان احمد بھولا، سہیل عارف، رافع مقصود اور یاسر سلیم رانا شامل ہوں گے ۔درخواستوں پر 5 جون کو سماعت ہو گی۔دریں اثنا انسداددہشتگردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا کی عدالت نے احتجاج پر درج مقدمات میں بانی کی عدم دستیابی کے باعث سماعت بغیر کارروائی ملتوی کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر بانی کی بذریعہ ویڈیو لنک حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔گزشتہ روز سماعت کے دوران بانی کی عدم دستیابی کیوجہ سے کوئی کارروائی نہ ہوسکی، کیس کی سماعت 16 جون تک ملتوی کردی گئی ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں