مریم نواز سبزیوں اور اشیا خوردونوش کی قیمتوں میں کمی پر مطمئن:عیدپر فول پروف سکیورٹی کی ہدایت
لاہور (دنیانیوز)وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے اشیا خورونوش کے نرخ میں کمی کے رحجان پر اطمینان کا اظہار کیا جبکہ عیدالاضحی پر فول پروف سکیورٹی اقدامات کی ہدایت کی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب بھر میں ٹماٹر،پیاز،دھنیا،پودینہ،لیموں،لہسن،ادرک،مرچ،آلو سمیت دیگر سبزیاں سستی ہوگئیں، مریم نواز کی ہدایت پر سبزیوں کی سپلائی مینجمنٹ میں بہتری آئی اورعید کے لئے زیادہ سبزیاں پہنچ گئیں۔لاہور میں آلو،پیاز کے 30اضافی ٹرک،ٹماٹر کے 13،ادرک کے 2،لہسن کے 6، ہری مرچ کے 7اورلیموں کے 3ٹرک پہنچ گئے ہیں ۔دال چنا،ماش،مسور،کالاچنا،بیسن اوردیگر دالوں کے نرخ میں بھی 30روپے تک کمی ہوئی ہے ۔وزیراعلیٰ نے 9ضروری سبزیوں کے کم نرخ برقرار رکھنے کیلئے ضروری اقدامات کا حکم دیااورپرائس کنٹرول ڈیپارٹمنٹ،کمشنر،ڈپٹی کمشنر اوردیگر انتظامیہ کو نرخوں کی مانیٹرنگ کی ہدایت کی ہے ۔
انہوں نے عید الاضحی پر فول پروف سکیورٹی انتظامات کا حکم دیتے ہوئے مویشی منڈیو ں میں بھی سکیورٹی بڑھانے کی ہدایت کی اورلاہور سمیت دیگر شہروں میں ٹریفک کی مسلسل مانیٹرنگ کا حکم دیا ۔لاہور،ملتان اوردیگر بڑے شہروں میں مویشی منڈیوں کے قریب ٹریفک مینجمنٹ کی ہدایت کی۔مریم نواز نے ہر شہر میں ٹرانسپورٹ کے مقررہ کرایوں پر عملدرآمد یقینی بنانے اور بسوں کی ونڈ سکرین پر کرائے نامے ،فٹنس سر ٹیفکیٹ چسپا ں کرنے کی ہدایت کی اورزائد کرائے واپس کرانے اوروصول کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا حکم دیا۔