عید الاضحی:کئی ممالک میں اجتماعات،پاکستان میں آج منائی جائیگی
لاہور (نیوز ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک) سعودی عرب اور خلیجی ریاستوں سمیت کئی ممالک میں جمعہ کے روزعیدالاضحی کی نماز کے روح پرور اجتماعات ہوئے جبکہ پاکستان میں آج منائی جائے گی۔صدر مملکت آصف زرداری ، وزیراعظم شہباز شریف نے قوم کو عید کی مبارکباد دی اور کہا یہ دن ایمان، قربانی، ایثار اور بھائی چارے کے جذبے کو ازسرِنوزندہ کرنے کا دن ہے۔
،عیدالاضحیٰ حضرت ابراہیم ؑاور حضرت اسماعیلؑ کی بے مثال اطاعت، قربانی اور تسلیم و رضا کی یاد تازہ کرتی ہے ،یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ اللہ کی رضا کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرنا چاہیے ۔اللہ تعالیٰ کی اطاعت میں ہی ہماری انفرادی اور اجتماعی کامیابی مضمر ہے ،دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اس دن کو ہمارے ملک اور پوری امتِ مسلمہ کیلئے خیر، برکت، اتحاد اور خوشحالی کا ذریعہ بنائے ۔ مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں نماز عید کے اجتماعات میں امت مسلمہ کے اتحاد اور فلسطین کی آزادی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں،ابوظہبی، شارجہ اور دیگر اماراتی ریاستوں میں بھی نماز عید اداکی گئی، دبئی کے علاقے القصص میں کلمہ سنٹر کے زیرِاہتمام سب سے بڑا اجتماع ہوا،نمازِ عید کے اجتماعات میں امن، خوشحالی اور قربانی کی اہمیت پر زور دیا گیا،اماراتی قیادت نے امن اور مستحقین کی مدد کے جذبے کو اجاگر کرنے کی اپیل کی۔پاکستان میں فرزندان اسلام آج نماز عید کی ادائیگی کے بعد حضرت ابراہیم علیہ السلام کی سنت کی پیروی کرتے ہوئے قربانی کا فریضہ ادا کریں گے ۔
ملک بھر میں قربانی کے جانوروں کی خریدوفروخت کا سلسلہ رات گئے تک جاری رہا۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں عیدالاضحی کا سب سے بڑا اجتماع فیصل مسجد میں ہوگا جس میں وفاقی وزراء،اراکین پارلیمنٹ اور سفارتکاروں کے علاوہ عوام کی کثیر تعداد نماز عید کی ادائیگی کے لیے شرکت کرے گی۔لاہور میں عیدالاضحی کا سب سے بڑا اجتماع بادشاہی مسجد میں ہوگا۔ پولیس سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے عید الاضحی کے موقع پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات مکمل کر لئے گئے ، نمازیوں کو جامہ تلاشی کے بعد اندر داخل ہونے کی اجازت دی جائے گی جبکہ نماز کے اجتماعات کے مقامات کے قریب پارکنگ کو ممنوعہ قرار دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے ، دوسری جانب خیبر پختونخوا میں کئی مقامات پر افغان مہاجرین نے جمعہ کے روز عیدالاضحی منائی جبکہ بوہری برادری نے بھی عید الاضحی منالی ۔ کراچی میں بوہرہ برادری نے نماز عید ادا کی اور اس کے بعد جانوروں کی قربانی کی۔پشاور سمیت خیبر پختونخوا کے کئی مقامات پر افغان مہاجرین نے نماز عید ادا کی ہے ، حیات آباد، بورڈ بازار، کارخانو مارکیٹ، شمشتو کیمپ، ناصر باغ میں نماز عید الاضحی ادا کی گئی۔