ڈاکوؤں کی دیہاتیوں پرفائرنگ ،2ساتھی زد میں آکرہلاک

ڈاکوؤں کی دیہاتیوں پرفائرنگ ،2ساتھی زد میں آکرہلاک

کھڈیاں خاص (نمائندہ دنیا )کھڈیاں خاص میں لوٹ مار کرنیوالے 4ڈاکو دیہاتیوں کے ہتھے چڑھ گئے اور اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے 2ہلا ک ہوگئے اور 2بھاگ نکلے ۔

بتایاگیاہے کہ صدیقیہ کالونی کھڈیاں خاص کے رہائشی دو بھائی اعظم اور ناظم گاؤں دوست پورہ جارہے تھے ،میاں عثمان فارم کے قریب ڈاکوؤں نے گن پوائنٹ پرروک لیا اور قریب ہی مکئی کے کھیت میں لے جاکر نقدی اور موبائل فون چھین لئے ،دونوں بھائیوں کے شورکرنے پر قریبی دیہات کے لوگ بڑی تعدادمیں جمع ہوگئے اور ڈاکوؤں کو گھیرے میں لے لیا ،ڈاکوؤں نے دیہاتیوں پر سیدھی فائرنگ کی تاہم ایک ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ کی زد میں آکر موقع پر ہلاک ہو گیا اور دوسرا شدید زخمی ہواجبکہ دو ڈاکو فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ،پولیس زخمی ڈاکو کو علاج معالجہ کیلئے ہسپتال لے جا رہی تھی کہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے وہ راستہ میں ہی دم توڑ گیا۔ ہلاک ڈاکوؤں کی شناخت صابر اور مشتاق کے نام سے ہوئی ہے جو نواحی گاؤں چور کوٹ کے رہائشی تھے ۔پولیس نے لاشیں پوسٹمارٹم کیلئے ڈسٹرکٹ ہسپتال قصورمنتقل کردیں جبکہ فرارڈاکوؤں کی تلاش کیلئے سپیشل ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں