بجٹ:معمولی بچت والے گھرانوں کو مگر مچھوں کے آگے ڈال دیا گیا:پی ٹی آئی
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر ،دنیا نیوز)پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ بجٹ میں معمولی بچت کرنے والے گھرانوں کو بڑے مگر مچھوں کے آگے ڈال دیا گیا۔
اسلام آبادمیں پارٹی رہنماؤں عمرایوب،شبلی فراز،شیخ وقاص اکرم کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ پچھلے سال تنخواہ دارطبقے پر100فیصد بوجھ بڑھایا گیا تھا، تنخواہ دارطبقے کوملنے والا ریلیف کچھ بھی نہیں ۔ یہ بجٹ غریب کومزید غریب کر دے گا، کاربن لیوی،پٹرولیم لیوی کا براہ راست بوجھ غریب آدمی پر پڑے گا، بدقسمتی سے بجٹ ہمیشہ اشرافیہ کے لیے بنایا جاتا ہے ۔ اسلام آباد میں پلاٹس کی خرید و فروخت پر ٹیکس چار فیصد سے کم کر دیا گیا، ٹیکس کا نام نہیں دیا گیا تاکہ اسکا حصہ صوبوں کو نہ دیا جائے ۔سینیٹر شبلی فراز نے کہا بجٹ میں غریبوں کا خون چوسا جاتا ہے ، ہمارے دورمیں6.2فیصد پرمعیشت گروتھ کررہی تھی، کاشتکاروں کو اربوں کا نقصان ہوا، پاکستان میں مسلسل غربت بڑھ رہی ہے ، بجٹ میں مراعات یافتہ طبقے کو5کھرب کا ریلیف دیا گیا۔دریں اثناتحریک انصاف کی پارلیمانی کمیٹی اجلاس کے بعد اعلامیہ جاری کردیا گیا، کمیٹی نے بجٹ 2025/26 کو مسترد کردیا اور قومی اسمبلی اور سینیٹ میں احتجاج کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ پارلیمانی کمیٹی نے کہا موجودہ حکومت جعلی ہے اسے بجٹ پیش کرنے کا اختیار نہیں، انہوں نے بجٹ کو آئی ایم ایف کا بجٹ قرار دیتے ہوئے تسلیم کرنے سے انکار کردیا۔ کمیٹی نے اجلاس میں سپیکر قومی اسمبلی کے رویے کی مذمت کی اورکہا سپیکر قومی اسمبلی جانبدار بن چکے ہیں،ایاز صادق پارٹی کے نمائندے نہ بنیں سپیکر بنیں۔ پی ٹی آئی ارکان کی تقاریر کی نشریات پر ایوان میں معاملہ اٹھایا جائے گا۔ اجلاس میں یہ فیصلہ بھی ہوا کہ پی ٹی آئی کی تقاریر نشر نہ کرنے پر تحریک استحقاق اور سپیکر کیخلاف احتجاج کیا جائے گا، قومی نشریاتی ادارے اگر تقریر نہیں نشر کرتے تو احتجاج کیا جائے گا، اس موقع پر پی پی 52 سمبڑیال ضمنی الیکشن میں دھاندلی کی مذمت بھی کی گئی۔