ایچ ای سی کی 140 سکیموں کیلئے 39 ارب 48 کروڑ روپے

ایچ ای سی کی 140 سکیموں کیلئے 39 ارب 48 کروڑ روپے

لاہور،اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے، خصوصی رپورٹر)وفاقی حکومت نے ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی)کے لیے پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت 39 ارب 48 کروڑ 80 لاکھ روپے 140 سکیموں کے لئے مختص کئے ہیں جن میں 128 جاری اور 12 نئی سکیمیں شامل ہیں۔

بدھ کو جاری کردہ بجٹ دستاویزات کے مطابق جاری سکیموں میں افغان طلبا کو 3,000 علامہ محمد اقبال سکالرشپ دینے کے لیے پچاس کروڑ ، شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی اسلام آباد میں اکیڈمک بلاک کی تعمیر کے لیے 20 کروڑ مختص کئے گئے ہیں۔ باچا خان یونیورسٹی چارسدہ کے مین کیمپس کی ترقی کے لیے 25 کروڑ اور نیشنل یونیورسٹی آف میڈیکل سائنسز راولپنڈی کو اپ گریڈ کرنے کے لیے 50 کروڑ رکھے گئے ہیں۔ کا میاب جوان سپورٹس اکیڈمیز کے قیام اور یوتھ اولمپکس کے اقدامات کے لیے 61 کروڑ دس لاکھ جبکہ یونیورسٹی آف بلتستان سکردو کے لیے 58 کروڑ اسی لاکھ مختص کئے گئے ہیں۔ بنگلہ دیش، ازبکستان اور دیگر دوست ممالک کے طلباکے لیے علامہ محمد اقبال سکالرشپ کے لیے پانچ کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔

کراچی میں پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف فیشن ڈیزائن کا نیا کیمپس قائم کرنے کے لیے دس کروڑ اور مظفر گڑھ میں یونیورسٹی کیمپس اور پتوکی میں یو وی اے ایس کیمپس کے لیے پندرہ کروڑ مختص کیے گئے ہیں۔ وفاقی حکومت نے پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت وزارت وفاقی تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت کے تحت جاری اور نئے دونوں منصوبوں کی مدد کے لیے 18 ارب 58 کروڑ روپے مختص کیے ہیں۔ بجٹ دستاویزات کے مطابق جاری منصوبوں کے لیے 18 ارب 28 کروڑ جبکہ 30 کروڑ نئی سکیموں کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔وزیر اعظم کی ہدایت کے مطابق جاری منصوبوں میں مقبوضہ کشمیر کے طلباکے 1,600 وظائف کے لیے 16 کروڑ چا لیس لاکھ روپے ، وزیراعظم یوتھ سکلز ڈویلپمنٹ پروگرام کیلئے 4 ارب 30کروڑ روپے اور پاکستان ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ کیلئے 1 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔بجٹ دستاویز کے مطابق سائنس و ٹیکنالوجی کے میدان میں بھی پیش رفت جاری رکھنے کے لئے حکومت نے 31 منصوبوں کے لئے 4.8 ارب روپے رکھنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ان فنڈز کا استعمال سائنسی تحقیق، اختراعات، ٹیکنالوجی پارکس اور لیبارٹریوں کی بہتری کے لیے کیا جائے گا تاکہ پاکستان عالمی سائنسی معیار سے ہم آہنگ ہو سکے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں