شریک حیات کی وفات کے بعد فیملی پنشن 10سال تک محدود

اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں )وفاقی حکومت نے بجٹ میں شریک حیات کے انتقال کے بعد فیملی پنشن کی مدت 10 سال تک محدود کردی ۔
وفاقی وزیر خزانہ نے بجٹ تقریر میں بتایا کہ پچھلی کچھ دہائیوں میں پنشن سکیم میں ایگزیکٹو آڈرز کے ذریعے تبدیلیاں کی گئیں جس کی وجہ سے سرکاری خزانے پر بوجھ بڑھا، پنشن سکیم کو درست کرنے اور سرکاری خزانے پر بوجھ کو کم کرنے کے لئے حکومت نے پنشن سکیم میں اصلاحات کی ہیں۔وزیر خزانہ نے کہا کہ پنشن سکیم میں جو اصلاحات کی گئی ہیں ان میں قبل از وقت ریٹائرمنٹ کی حوصلہ شکنی اور پنشن میں اضافہ کنزیومر پرائس انڈیکس سے منسلک کیا گیا ،وزیر خزانہ نے بتایا کہ شریک حیات کے انتقال کے بعد فیملی پنشن کی مدت 10 سال تک محدود کی گئی جبکہ ایک سے زائد پنشنز کا خاتمہ کیا گیا ، ریٹائرمنٹ کے بعد دوبارہ ملازمت کی صورت میں پنشن یا تنخواہ میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا ہوگا۔