معاشی ترقی کا سفر شروع، بجٹ میں عام آدمی پر ٹیکس کا مزید بوجھ نہیں ڈالا : شہباز شریف

معاشی ترقی کا سفر شروع، بجٹ میں عام آدمی پر ٹیکس کا مزید بوجھ نہیں ڈالا : شہباز شریف

اسلام آباد(اے پی پی،دنیا نیوز)وزیر اعظم شہباز شریف نے سٹاک مارکیٹ تاریخ کی بلند ترین سطح ایک لاکھ 24 ہزار پوائنٹس پر پہنچنے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے سٹاک مارکیٹ میں تیزی کا رجحان سرمایہ کاروں و کاروباری شخصیات کے عوام دوست بجٹ پر اعتماد کا مظہر ہے، بجٹ میں عام آدمی پر ٹیکس کا مزید بوجھ نہیں ڈالا گیا۔

بدھ کو پی ایم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہا تنخواہوں میں اضافے اور ٹیکس میں کمی سے نوکری پیشہ افراد کو ریلیف ملے گا۔ انہوں نے کہا الحمداﷲ ملکی معاشی ترقی کا سفر شروع ہے، پاکستانی عوام نے قربانیاں دیں، اب ہم سب کو مل کر عام آدمی کی زندگی میں بہتری لانے کیلئے محنت کرنا ہے ۔ وزیراعظم نے کہا مہنگائی کی شرح میں کمی، زرمبادلہ کے ذخائر، ترسیلات زر اور بر آمدات میں اضافہ معاشی ٹیم کی شبانہ روز محنت کی بدولت ممکن ہوا۔ انہوں نے کہا پاکستان کی ڈیفالٹ کے دہانے سے واپسی، معاشی استحکام اور ترقی کے سفر کی شروعات معجزہ ہے ، معاشی ٹیم کی محنت اور پاکستان کے مفادات کو اولین ترجیح دینے کی بدولت معاشی سطح پر یہ مثالی ٹرن اوور تاریخ میں سنہرے حروف سے لکھا جائے گا۔ شہباز شریف نے مئی 2025 کے دوران ترسیلات زر میں اضافہ پر اطمینان کا اظہارکرتے ہوئے کہا ترسیلات زر میں اضافہ حکومت پاکستان کی معاشی پالیسیوں پر سمندر پار پاکستانیوں کے بڑھتے ہوئے اعتماد کا ثبوت ہے ۔وزیراعظم نے کہا حکومت کے معاشی اقدامات اور اگلے مالی سال کے لئے عوام دوست بجٹ ملک کے روشن مستقبل کی نوید ہیں۔شہباز شریف سے وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز چودھری سالک حسین کی قیادت میں مسلم لیگ ق کے اراکین قومی اسمبلی چودھری حسین الٰہی، محمد الیاس چودھری اور فرخ خان پر مشتمل وفد نے ملاقات کی۔ وفد نے مالی سال 26 ۔ 2025کا بجٹ پیش کرنے پر وزیراعظم اور ان کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا۔وفد نے ملک کی معاشی ترقی اور عوامی فلاح و بہبود کے لئے وزیراعظم کے تمام اقدامات میں بھر پور تعاون فراہم کرنے کا یقین دلایا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں