پنجاب میں ملک کا پہلا ورچوئل بلڈ بینک سنٹر قائم : ضرورت مند ہیلپ لائن پر کال ملائیں : مریم نواز

پنجاب میں ملک کا پہلا ورچوئل بلڈ بینک سنٹر قائم : ضرورت مند ہیلپ لائن پر کال ملائیں : مریم نواز

لاہور(دنیا نیوز، نیوز ایجنسیاں)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر پنجاب میں پاکستان کاپہلا اور مثالی ورچوئل بلڈ بینک سنٹرقائم کر دیا گیا ہے۔ ایمرجنسی ہیلپ لائن 15پر کال کر کے ورچوئل بلڈ بینک سنٹر سے مریض درکار خون کوفوری طور پر حاصل کیا جاسکتا ہے۔ 15 پر کال کرنے کے بعد 4 کا بٹن دبانے پر کال فوراً ورچوئل بلڈ بینک سے منسلک ہوجائے گی۔

ورچوئل بلڈ بینک پرڈیوٹی سیف سٹی آفیسر مریض کی لوکیشن اور بلڈ گروپ کے بارے میں انفارمیشن حاصل کرتا ہے ۔مریض کے متعلقہ علاقے میں رجسٹرڈ ڈونرز کا کانفرنس کال کے ذریعے مریض کے اہل خانہ سے فوری رابطہ کرا دیا جاتاہے ۔ بلڈ ڈونیشن ماڈ ل میں متعلقہ تھانے کے پولیس اہلکار بھی ڈونیشن کے کار خیر میں شامل ہیں۔ بلڈ ڈونر ہیلپ لائن 15، سیف سٹی آفیشل ویب سائٹ یا سرکاری ہسپتالوں میں قائم پولیس خدمت کائونٹر پر رجسٹریشن کرا سکتے ہیں۔ ورچوئل بلڈ بینک پر روزانہ بلڈ کے حصول کے لئے 2500 لوگ رابطہ کرتے ہیں۔ روزانہ 250 مریضوں کی بلڈ کی اشد ضرورت کو فوری طورپر پورا کرنے کا انتظام ہوگا۔ ورچوئل بلڈ بینک میں رجسٹرڈ بلڈ ڈونرز کی تعداد 25ہزار سے زائد ہے ۔ پنجاب بھر میں 24/7سروس فراہم کی جارہی ہے اور 14ہزار سے زائد مریض مستفید ہوچکے ہیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے شہریوں بالخصوص نوجوانوں کو بلڈ ڈونیشن کے کارخیر میں شامل ہونے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ضرورت کے وقت خون کا ہر قطرہ قیمتی ہے۔

ہر قطرہ کسی ضرورت مند کے لئے زندگی کی نوید بن سکتا ہے ۔ ضرورت مند ہیلپ لائن پر کال ملائیں ،پنجاب ڈیجیٹلائزیشن کے نئے دور میں داخل ہوچکاہے ،سروسز کے معیار کو بلندیوں تک لے کر جائیں گے ۔دوسری طرف وزیر اعلیٰ نے انٹرنیشنل ڈے آف پلے International Day of Playپر اپنے پیغام میں کہا کہ ہنستا کھیلتا بچہ خوشی کی علامت ہے۔ بچوں کا کھیلنا محض تفریح نہیں، ذہنی، جذباتی اور تخلیقی نشوونما کی بنیاد ہے۔ ہر بچے کو نہ صرف تعلیم بلکہ کھیلنے، سیکھنے اور بے فکری سے مسکرانے کا حق حاصل ہے۔ افسوس کہ کشمیر اور فلسطین کے بچے کھیل سمیت دیگر تمام بنیادی حقوق سے محروم ہیں۔ نواز شریف سینٹر آف ایکسی لینس فار ارلی چائلڈہوڈ ایجوکیشن میں کھیل کے ذریعے بھی بچوں کو تعلیم دی جا رہی ہے۔ علاوہ ازیں انہوں نے کرکٹر ثنا میر کو آئی سی سی ہال آف فیم میں شامل ہونے پر مبارکباد دی اورنیک خواہشات کا اظہارکرتے ہوئے کہاکہ ثنا میر کا آئی سی سی ہال آف فیم میں شامل ہونا پاکستان کی ہر بیٹی کی جیت ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں