عمران خان سے پارٹی رہنماؤں کی ملاقات نہ ہو سکی

 عمران خان سے پارٹی رہنماؤں کی ملاقات نہ ہو سکی

راولپنڈی ( خبر نگار )بانی پی ٹی آئی عمران خان سے پارٹی رہنماؤں کی اڈیالہ جیل میں ملاقات نہ ہو سکی۔ ملاقات کی اجازت کے منتظر رہنما کئی گھنٹے انتظار کے بعد واپس روانہ ہوگئے ۔پی ٹی آئی رہنما اڈیالہ جیل کے قریب فیکٹری ناکے پر انتظار کے بعد بغیر ملاقات کے واپس روانہ ہو گئے ۔

ایم این اے نثار جٹ، عالمگیر خان، چنگیز خان کاکڑ، رضوان سیان ،فخر جہاں، فضل   حکیم اور ارشد ساہی بانی سے ملاقات کیلئے پہنچے تھے ۔ اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو میں رکن قومی اسمبلی نثار جٹ کا کہنا تھا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم پر لسٹ کے مطابق صبح سے آئے ہوئے ہیں، انتظامیہ نے ہمیں یہاں روکا ہمارے شناختی کارڈ چیک کئے ، ہمیں آج بھی ہمارے لیڈر سے ملنے نہیں دیا گیا، آپ عدالتوں، آئین قانون کو نہیں مان رہے ، آپ کس کو مانتے ہیں؟۔بانی سے ملاقات نہ ہونے دینا حکومت پنجاب کی سازش ہے ، مریم نواز طاقت کا غیر ضروری استعمال کر رہی ہے ،پی ٹی آئی رہنما عالمگیر خان کا کہنا تھا کہ جو سلوک روا ہے اس طرح کلبھوشن کو بھی ٹریٹ نہیں کیا جاتا جس طرح سابق وزیراعظم کو کیا جا رہا ہے ، ہمارے پاس سڑکوں اور پُرامن مزاحمت کے علاوہ کوئی راستہ نہیں رہ جاتا۔فخر جہاں صوبائی وزیر کے پی کے نے کہا کہ ایس ایچ او کہہ دیتا ہے کہ ادھر رک جائیں ہمیں اوپر سے آرڈر آئے گا تو آپ کو بھجوا دیں گے ۔26ویں ترمیم نے ملک کا بیڑا غرق کر دیا ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں