اسلامی ملک امریکا کو اسرائیل کی پشت پناہی سے روکیں :حافظ نعیم

 اسلامی ملک امریکا کو اسرائیل کی  پشت پناہی سے روکیں :حافظ نعیم

لاہور(سیاسی نمائندہ)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے اسرائیل کے ایران پر حملہ کو کھلی دہشت گردی قرار دیتے ہوئے ایران اور ایرانی قوم کو یقین دہانی کرائی ہے کہ جماعت اسلامی اور پوری پاکستانی قوم ان کے ساتھ ہے ۔

منصورہ سے جاری ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ اسرائیل بدمست ہاتھی بن کر عالمی قوانین کی دھجیاں اڑا رہا ہے ۔ اسرائیل بذات خود کچھ بھی نہیں ، اگر اسے امریکا کی آشیر باد حاصل نہ ہو، واشنگٹن اسرائیلی دہشت گرد کی مکمل پشت پناہی کررہا ہے ۔ حکومت پاکستان خطے کو آگ سے بچانے کے لیے کردار ادا کرے ۔ اسلامی اور امن دوست ممالک کے حکمران متحد ہوکرامریکا کو اسرائیل کی پشت پناہی سے روکیں ،قبل ازیں سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر انہوں نے کہا کہ اسرائیل کا ایران پر حملہ بدترین دہشت گردی ہے ، امریکی سرپرستی میں اسرائیل کا آگ اور خون کا کھیل جاری ہے ۔ اسلامی ممالک جان لیں اسرائیل کے قدم نہ روکے گئے تو پھر کسی کا نمبر بھی آسکتا ہے ،امریکا کی منافقانہ تاریخ گواہ ہے کہ یہ کسی کو نہیں بچائے گاکیونکہ وہ نسل کشی کرنے والے اسرائیل کے ساتھ کھڑا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں