اسرائیل کو لگام نہ ڈالی تو امن خطرے میں پڑ جائیگا ، فضل الرحمن

اسرائیل کو لگام نہ ڈالی تو امن  خطرے میں پڑ جائیگا ، فضل الرحمن

کراچی، اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک، اپنے رپورٹر سے )جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ کسی زمانے میں ہم بجٹ پاس کرتے تھے تو فری ٹیکس بجٹ قابل تحسین ہوتا تھا آج ٹیکس پر ٹیکس لگا کر بجٹ کو قابل تحسین بنایا جارہا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ پورے خطے میں پاکستان ایسا ملک ہے لوگ اوپر جاتے ہیں ہم نیچے جارہے ہیں۔ کراچی میں بزنس کمیونٹی کے عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر ہم نے واقعی حکومت کرنی ہے تو عام آدمی کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے پالیسی سازی کرنا ہوگی۔انہوں نے عالمی طاقتوں اور اداروں پر بھی شدید تنقید کی اور کہا  فوج میری، اسلحہ میرا، ایٹم بم میرا، لیکن اختیار اُن کا ہے ۔ کیا واقعی ہماری آزادی کی جنگ مکمل ہوگئی ہے ؟مولانا نے کہا کہ ہمیں آج بھی آزادی کی مہم جاری رکھنی ہے کیونکہ ملک میں دائرہ اختیار کے اوپر ایک اور دائرہ ہے ، جسے انہوں نے دائرہ اقتدار قرار دیا۔ ہم محنت کو نہیں، مال کو دیکھتے ہیں۔انہوں نے احتسابی نظام پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ ہمارے ملک میں اگر کوئی شخص تھوڑا بہت کما لے تو فوری فائلیں بنا کر چھپٹا جاتا ہے ۔ ہم احتساب کے نام پر محنت کشوں کو خوف میں مبتلا کر دیتے ہیں۔ جمعیت علما اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے ایران پراسرائیلی حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کیلئے اقوام متحدہ یا جنرل اسمبلی بے معنی ہو گئی ہے اسرائیل کھلم کھلا دہشت گردی پر اتر آیا ہے اسرائیل کو لگام نہ ڈالی گئی تو امن عالم خطرے میں پڑ جائے گا ۔مولانا فضل الرحمن تین روزہ دورے کے دوران آج 14 جون کو کراچی میں سوشل میڈیا کنونشن سے جبکہ 15 جون کو حیدرآباد میں دفاع وطن و اسرائیل مردہ باد کانفرنس سے خطاب کریں گے ، ترجمان جے یوآئی اسلم غوری نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان جماعتی رہنماؤں سمیت مختلف سیاسی رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں