وفاقی بجٹ عوام کش ،پنجاب کیلئے مشاورت نہیں کی:حسن مرتضیٰ
لاہور(سپیشل رپورٹر ،خبر نگار)پیپلز پارٹی پنجاب کے جنرل سیکرٹری حسن مرتضیٰ نے وفاق کے بجٹ کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب کے بجٹ پر پیپلز پارٹی کو اعتماد میں نہیں لیا گیا،ہماری سفارشات لی گئیں نہ تجاویز شامل کی گئیں۔
وفاقی بجٹ اور پنجاب کے متوقع بجٹ سے عوام کو کوئی ریلیف نہیں ملے گا ،بجٹ پاس کروانے کے مراحل میں حکومت خود پیپلز پارٹی کو ساتھ چھوڑنے پر مجبور کر رہی ہے ،انہوں نے چیئرمین سینٹ اور سپیکر کی تنخواہ میں اضافہ بھی واپس لینے کا مطالبہ کر دیا ۔پیپلز پارٹی پنجاب سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا پیپلزپارٹی وفاقی بجٹ کو مکمل مسترد کرتی ہے ، بجٹ عام آدمی کو مد نظر رکھتے ہوئے نہیں بنایا گیا یہ عوام کش ہے ،حکومت نے زراعت کو تباہ کر دیا،عیدالاضحی پر 32کروڑ کا عرق گلاب پنجاب کی سڑکوں پر چھڑکاگیا جبکہ ہمارے بچوں کو آنکھ میں ڈالنے کیلئے نہیں ملتا،تشہیر کا مریم نواز کو اتنا شوق ہے کہ کوڑے دان پر بھی فوٹو لگی ہے ،حکومت اربوں لگا کر تشہیر کر رہی مگر کارکردگی صفر ہے ، جنگ سے لیکر ہر چیز ڈیزائن کرتے ہیں ،مہنگائی کو بھی تسلیم کریں۔پی پی رہنما کا کہنا تھا کہ نیتن یا ہو کی وجہ سے پورا خطہ جنگ کا شکار ہوا،ایران پر اسرائیل کے حملے کی مذمت اوراقوام متحدہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ مسلمانوں پر ٖظلم کو روکنے میں کردار ادا کرے ۔