آج باران رحمت کی توقع ،کئی جگہ ژالہ باری کابھی امکان

لاہور (اے پی پی)محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ24گھنٹے کے دوران پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم و مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے تاہم آندھی،جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پربارش کی توقع ہے ۔
ترجمان کاکہناہے کہ لاہور ،سیالکوٹ، نارووال، گجرات،گوجرانوالہ، سرگودھا، بھکر، حافظ آباد، منڈی بہائوالدین، شیخوپورہ، فیصل آباد، جھنگ، ساہیوال، بہاولنگر، رحیم یار خان، لیہ، ملتان، بہاولپور، ڈیرہ غازی خان اور گردونواح میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پربارش ہوگی ۔ بالائی خیبر پختونخوا، بالائی اورجنوب مشرقی سندھ، شمال مشرقی بلوچستان، کشمیر اور گلگت بلتستان میں گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے ،اس دوران بعض مقامات پر ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے تاہم ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک جبکہ میدانی علاقوں میں شدید گرم رہنے کی توقع ہے ۔