ڈیجیٹل میڈیا ایک طاقتور سیاسی ہتھیار بن چکا:پی پی رہنما

ڈیجیٹل میڈیا ایک طاقتور سیاسی ہتھیار بن چکا:پی پی رہنما

لاہور(سپیشل رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی کی ڈیجیٹل ٹیم کا مرکزی اجلاس اسلام آباد میں ہوا،جس میں پارٹی کی ڈیجیٹل حکمت عملی، سوشل میڈیا مہمات اور عوامی رابطے بڑھانے پر تبادلہ خیال اور مشاورت کی گئی۔

اس موقع پرسندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کی سیاست میں ڈیجیٹل میڈیا محض اظہار کا ذریعہ نہیں بلکہ ایک طاقتور سیاسی ہتھیار بن چکا ہے ۔ نوجوانوں کو حقائق سے روشناس کرانا اور منفی پروپیگنڈے کی حوصلہ شکنی ہماری اولین ترجیح ہے ، پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات ندیم افضل چن نے کہا کہ دنیا کے بدلتے ہوئے تقاضوں کے مطابق ہمیں چاہئے کہ ہم محض جلسوں اور بیانات پر اکتفا نہ کریں بلکہ سوشل میڈیا پر ایک مربوط، مہذب اور مو ثر بیانیہ تشکیل دیں۔ گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبرپختونخوا جیسے حساس صوبے میں عوامی رائے پر اثر انداز ہونے کے لیے ڈیجیٹل میڈیا ایک بڑا ہتھیار بن چکا ہے ۔ بدقسمتی سے کچھ قوتیں جھوٹ اور فیک نیوز کے ذریعے نوجوانوں کو گمراہ کر رہی ہیں، ہمارا فرض ہے کہ ہم عوام کو سچ بتائیں اور قومی اتحاد پر مبنی بیانیے کو فروغ دیں۔اجلاس میں برطانیہ، کینیڈا، جرمنی، متحدہ عرب امارات، سعودی عرب، امریکا اور دنیا کے دیگر ملکوں میں مقیم پی پی پی ڈیجیٹل کارکنوں نے زوم کے ذریعے شرکت کی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں