گریڈ 17 تا 21 افسروں کی ترقی و تعیناتی کیلئے 30سے زائد طبی ٹیسٹ لازمی

اسلام آباد (نیوز رپورٹر) اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے وفاق کے ماتحت سروس کیڈر کے افسران کے سالانہ میڈیکل کیلئے ٹینشن، سٹریس ، ذہنی صحت،جذباتی صحت کے معائنہ سمیت 30سے زیادہ ٹیسٹ لازمی قرار دیئے ہیں۔ 17تا21 گریڈ کے افسران کے میڈیکل کی بنیاد پر ترقی اور تعیناتی کی جائے گی۔
افسران وفاقی حکومت کے نامزد ہسپتال اور ڈاکٹر سے سالانہ میڈیکل کرائیں گے ۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے احکامات کے مطابق افسران کے ذہنی ٹیسٹ میں جسمانی حالت، رویہ ، ذہنی حالت ، ٹینشن، سٹریس اور جذباتی حالت کا جائزہ لیا جائے گا۔ فزیکل ٹیسٹ میں دل کی دھڑکن، بلڈ پریشر، جلد اور چہرے کی حالت، یرقان، تھائیرائیڈ کا معائنہ کیا جائے گا۔ خون کے ٹیسٹ میں بلڈ سی پی، ای ایس آر، ایل ایف ٹی و آر ایف ٹی ، سیرم لیپڈ پروفائل،بلڈ شوگر،ایچ بی اے ون سی، اینٹی ایچ سی وی، ایچ بی ایس، ایچ آئی وی، یورین آر ای، ای سی جی، ای سی ایچ او (ایکو)، ای ٹی ٹی، پی ایس اے ، الٹرا ساؤنڈ ایڈومینل و پیلوس اور خواتین کیلئے میموگرام ہوں گے ۔ چیسٹ، کارڈیوویسکولر، ایڈومینل اور سی این ایس ٹیسٹ کیے جائیں گے ۔ سماعت، آنکھوں کا معائنہ ، نظر کا ٹیسٹ اور ضرورت کے مطابق چیسٹ ایکسرے بھی کیا جائے گا۔ احکامات کے مطابق افسران وفاق اور صوبوں میں تعینات ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتال کے نامزد میڈیکل افسر کی رپورٹ کے ساتھ مذکورہ میڈیکل اسٹیبلشمنٹ ڈویژن اور متعلقہ وزارتوں اور صوبائی حکومت کو بھجوائیں گے ۔