ایرانی نیوکلیئر اثاثوں پر حملے وار کرائم ،تابکاری پھیل سکتی:مشاہد

ایرانی نیوکلیئر اثاثوں پر حملے وار کرائم ،تابکاری پھیل سکتی:مشاہد

لاہور (دنیا نیوز )دنیا نیوز کے پروگرام دنیا مہر بخاری کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے سینئر سیاستدان سینیٹر مشاہد حسین سید نے کہا کہ ٹرمپ کی ایران کو دھمکی مافیا باس والی دھمکی ہے ، نیوکلیئر اثاثوں پر حملے ہو رہے ہیں یہ ایک وار کرائم ہے اس سے تابکاری پھیل سکتی ہے۔

 ہمارا بھارت سے جتنا بڑا بھی جھگڑا ہو ، معاہدے کے تحت نیوکلیئر اثاثے کو نشانہ نہیں بنایا جاتا ، اسرائیل اس حد تک چلا گیا ہے کہ ایران کے ایٹمی مقامات کو نشانہ بنا رہا ہے ، اسرائیل میں پہلی دفعہ وہ حالات دیکھے جا رہے ہیں جو اس نے فلسطین میں مسلط کیے تھے ، امریکا کے بغیر یہ جنگ ممکن ہی نہیں تھی ، اسرائیل چاہتا ہے کہ امریکا براہ راست شامل ہو ، روس اور چین نے اصولی موقف اختیار کیا ہے ، پاکستان نے سب سے اہم کردار ادا کیا ہے ، چین اس وقت تیار ہے ، وہ کہتا ہے کہ امریکا رہے یا نہ رہے ، امریکا کے بغیر بھی دنیا آگے بڑھے گی ، ٹرمپ کو خود بھی بہت زیادہ نقصان ہو گا ، ٹرمپ چاہے گا کہ ڈیل ہو جائے ۔ دفاعی تجزیہ کار سید محمد علی نے کہا کہ امریکا اور اسرائیل کے ایران بارے مقاصد ملتے جلتے ہیں ، صرف ان کی حکمت عملی میں فرق ہے ، اسرائیل کی ریڈ لائن یہ ہے کہ کوئی اسلامی نظریاتی ملک ایٹمی پاور نہ بن سکے ، ایران مذاکرات سے نہیں بھاگا یہ اسرائیل تھا جو بھاگ گیا ، ایران نے اسرائیل کو نقصان پہنچایا ، ایسا پہلے کبھی نہیں ہوا ، ان کے ہائپر سونک میزائل درست مقام کو ٹارگٹ کر رہے ہیں ، اس وقت ایران کے ہاتھ میں وقت ہے ، اگر وہ اسرائیل کو نیوکلیئر نقصان پہنچاتا ہے تو یہ اسرائیل کے لیے نا قابل برداشت ہو جائے گا ، نیتن یاہو کا اسرائیل میں وہی رول ہے جو حامد کرزئی کا افغانستان میں ہے ، ٹرمپ کے تھریٹ سے ایران میں زیادہ فرق نہیں پڑا کہ ایرانی تہران سے نکل جائیں ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں