ٹھوکر نیاز بیگ میں چھاپہ،6غیر قانونی ٹریول ایجنٹس گرفتار
لاہور (اپنے کامرس رپورٹر سے )ایف آئی اے لاہور زون کا انسانی سمگلرز کے گرد شکنجہ سخت، چھاپہ مار کارروائی میں6 غیر قانونی ٹریول ایجنٹس 55 پاسپورٹس سمیت گرفتار کرلئے ۔
ڈائریکٹر لاہور زون کی ہدایت پر کارروائی لاہور ٹیکنیکل ٹریننگ سینٹر ٹھوکر نیاز بیگ بائی پاس کیخلاف کی گئی۔ گرفتار ملزموں میں عمران خان، نوید آزاد، عبدالشکور، شفیق ، ناصر حسین اور زاہد اقبال شامل ہیں ۔ملزموں سے 55 پاکستانی پاسپورٹ،موبائل فونز و دیگر دستاویزات اور ریکارڈ بھی برآمد کر لیا گیا۔ملزم بغیر لائسنس شہریوں سے بیرون ملک ملازمت کے نام پر پاسپورٹس اور بھاری رقوم وصول کر رہے تھے اوردیگر ساتھیوں طارق یعقوب اور تجمل حسین کی ملی بھگت سے غیر قانونی کاروبار چلا رہے تھے ۔ملزم برآمد ہونے والے پاسپورٹس و دیگر دستاویزات بارے تسلی بخش جواب دینے میں ناکام رہے ۔ تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ،ساتھی ملزموں کی گرفتاری کیلئے چھاپے بھی مارے جا رہے ہیں ۔ڈائریکٹر ایف آئی اے لاہور زون سرفراز خان ورک کا کہنا ہے کہ انسانی سمگلرز کیخلاف کارروائیاں مزید تیز کر دی گئی ہیں۔ گرفتار ملزموں کو قانون کے مطابق سخت سزائیں دلوائی جائینگی۔