4روز تک بیشترعلاقوں میں شدیدگرمی چندمقامات پربارش کاامکان

4روز تک بیشترعلاقوں میں شدیدگرمی  چندمقامات پربارش کاامکان

لاہور،اسلام آباد (اپنے رپورٹرسے ،اے پی پی) محکمہ موسمیات نے انتباہ جاری کیا ہے کہ آج بدھ سے 21 جون تک ملک کے بیشترمیدانی علاقوں میں موسم شدید گرم رہے گاتاہم کشمیر،ملحقہ پہاڑی علاقوں ،گلگت بلتستان،شمال مشرقی جنوبی پنجاب، پوٹھوہار، خیبرپختونخوا، جنوب مشرقی سندھ اور شمالی مشرقی بلوچستان میں مطلع ابر آلود رہنے اورچند مقامات پر آندھی اور گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے ۔

چند مقامات پر ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے ۔ لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک جبکہ میدانی علاقوں میں دن کو شدید گرم رہنے کا امکان ہے ۔ ترجمان محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران لا ہور، نارووال، سیالکوٹ، قصور، اوکاڑہ، بہاولنگر اور گردونواح سمیت جنوب مشرقی سندھ، شمال مشرقی بلوچستان، کشمیر، بالائی خیبرپختونخو ااور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر بارش ہو ئی ۔ سب سے زیادہ بارش سندھ:تھرپارکر (نگرپارکر 30، مٹھی 27، اسلام کوٹ 14، ڈیپلو 6)، کشمیر: گڑھی دوپٹہ 9، مظفر آباد 6، بلوچستان:ژوب 4، بارکھان 2، سکردو،بگروٹ اوربالاکوٹ میں 1 ملی میٹر بارش ہوئی ۔منگل کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت جیکب آباد، موہنجوداڑو 46، تربت،نوکنڈی اور دادومیں 45ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں