5 لاکھ ٹن چینی درآمد سے قیمتیں واپس لوٹ آئیں گی، رانا تنویر

کالاشاہ کاکو(نامہ نگار)وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ کلائمیٹ چینج کی وجہ سے زرعی پیداوار میں کمی واقع ہوئی ہے ،پانچ لاکھ ٹن چینی درآمد کر رہے ہیں جس کے بعد اس کی قیمتیں واپس لوٹ آئیں گی۔
انہوں نے کہا کہ ہماری فصلوں کی پیداوار میں کافی کمی واقع ہوئی ہے مگر ہم کسان کومعیاری بیج، سستی جدید مشینری اور دیگر سامان فراہم کرکے پیداوار میں اضافہ کریں گے ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ اسرائیل نے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرکے ایران پر حملہ کیا ہے ، اسرائیلی اقدام سے صرف خطہ ہی نہیں پوری دنیا خطرے میں چلی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم دنیا کا اکٹھا ہونا وقت کی اہم ضرورت ہے اور اگر عالم اسلام متحد نہ ہوا تو سربیا کی طرح ایک ایک کرکے سب کی باری آئے گی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ مسلم دنیامتحد ہو کر اسرائیلی فتنے کا مقابلہ کرے تاکہ عالمی دہشت گردی کا سلسلہ روکا جا سکے ۔رانا تنویر حسین نے کہا کہ چین نے واضح کیا تھا ، امریکا ایران جنگ میں شامل نہ ہو لیکن اگر وہ شامل ہوا تو اس کا زیادہ نقصان ہو گا۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ فی الحال تیسری عالمی جنگ کا امکان نہیں ہے لیکن اگر جنگ طویل ہوئی توپوری دنیا نقصان اٹھائے گی۔ایک سوال پر وفاقی وزیر نے کہا کہ پی ٹی آئی ملک دشمنی کرکے اﷲ کی پکڑ اور قانون کی گرفت میں ہے ۔ ہماری عوام کا حافظہ کچھ کمزور ہے اس لیے عوام سمجھیں کہ فتنہ پارٹی کے سربراہ نے اپنے اقتدار اور سوشل لائف میں اسلامی شعائر کا مذاق اڑایا تھا اور اس کے اپنے بچے یہودیوں کے گھر میں پرورش پا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ 70 فیصد عوام فتنہ پارٹی کو سمجھ چکے ہیں اور یہ پارٹی جلد انجام کو پہنچ جائے گی۔