معیشت میں شفافیت کیلئے ڈیجیٹل لین دین اہم : شہباز شریف

اسلام آباد(نامہ نگار)وزیراعظم شہباز شریف نے کہاہے پوری دنیا میں ترقی یافتہ ممالک اور کامیاب معیشتوں میں کیش لیس نظام کو ترجیح دی جا رہی ہے ،معیشت میں شفافیت لانے کے لیے ڈیجیٹل لین دین کا نظام قائم کرنا انتہائی اہم ہے۔
ان خیالات کااظہار انہوں نے کیش لیس اکانومی کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے ڈیجیٹل پیمنٹس انوویشن اینڈ ایڈوپشن کمیٹی، ڈیجیٹل پبلک انفراسٹرکچر کمیٹی اور گورنمنٹ پیمنٹس کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا یہ خصوصی سب کمیٹیاں عوام اور کاروباری افراد کے درمیان ادائیگیوں کے لیے سہولیات فراہم کرنے ، ڈیجیٹل نظام سے متعلق آگاہی، پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی کو فعال کرنے ، قومی ڈیجیٹل ماسٹر پلان بنانے اور حکومت اور نجی شعبے کے درمیان لین دین کو آسان بنانے کے حوالے سے سفارشات پیش کریں گی۔ وزیراعظم نے کیش لیس نظام کو فروغ دینے کے لیے ڈیجیٹل لین دین کو عوام کے لیے کیش کی نسبت ارزاں اور آسان بنانے اور ادائیگیوں کے ڈیجیٹل نظام راست کو وفاق سمیت تمام صوبوں میں قائم کرنے کی ہدایت کی ۔ انہوں نے لین دین اور ادائیگیوں کے ڈیجیٹل نظام کے قیام کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال عمل میں لایا جائے ۔ وزیراعظم نے سرکاری اور نجی شعبوں کے مابین لین دین کو کیش لیس بنانے کی بھی ہدایت کی ۔وزیر اعظم شہباز شریف سے وفاقی وزیر ماحولیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق مسعود ملک نے ملاقات کی اور پاکستان کی جانب سے بھیجے گئے سفارتی وفد کی ملاقاتوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔ وزیر اعظم نے وفد کی جانب سے حالیہ بھارتی بلاجواز عسکری و آبی جارحیت کو دنیا کے سامنے بے نقاب کرنے اور امریکا و یورپ کے کامیاب سفارتی دورے پر بلاول بھٹو زرداری سمیت وفد کے دیگر ارکان کو خراج تحسین پیش کیا۔