ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ سندھ کیخلاف نیب انکوائری معطل

ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ سندھ  کیخلاف نیب انکوائری معطل

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائیکورٹ میں ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ سندھ اقبال میمن نے نیب کی جانب سے جاری کیے گئے کال اپ نوٹس کے خلاف درخواست دائر کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ ان کے خلاف شروع کی گئی انکوائری غیر قانونی ہے۔۔۔

 عدالت نے ابتدائی سماعت کے بعد اقبال میمن کے خلاف جاری نیب انکوائری کو معطل کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل نیب، اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر اور ایڈووکیٹ جنرل سندھ کو نوٹس جاری کردیے اور فریقین سے 25 جون تک جواب طلب کرلیا۔ درخواست گزار کے وکیل راج علی واحد ایڈووکیٹ نے عدالت کو آگاہ کیا کہ  نیب کی جانب سے یہ کال اپ نوٹس ایک زیرِ سماعت قیدی عمران احمد شیخ کو پے رول پر رہا کرنے کے اقدام پر جاری کیا گیا حالانکہ مذکورہ قیدی کو وزیر اعلیٰ سندھ کی باقاعدہ اجازت سے پے رول پر رہا کیا گیا تھا، وکیل کے مطابق کسی بھی ملزم کو پے رول پر رہا کرنا انتظامیہ کا صوابدیدی اختیار ہے، اس کے باوجود نیب نے اقبال میمن کو 24 جون کو ریکارڈ سمیت طلب کر رکھا ہے، عدالت نے ابتدائی دلائل سننے کے بعد طلبی کا نوٹس معطل کردیا اور معاملے پر آئندہ سماعت تک تمام فریقین سے تحریری جواب طلب کرلیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں