سی ٹی ڈی کی کارروائی،پنجاب 6،پختونخوا میں 3دہشتگردہلاک

سی ٹی ڈی کی کارروائی،پنجاب 6،پختونخوا میں 3دہشتگردہلاک

ڈیرہ غازی خان،پشاور (ڈسٹرکٹ رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک)محکمہ انسداد دہشتگردی (سی ٹی ڈی ) اور پولیس کی مشترکہ کارروائیوں میں پنجاب میں 6، پختونخوا میں 3دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔

 تفصیلات کے مطابق تونسہ کے علاقے تھانہ وہوا کی حدود میں پنجاب پولیس اور سی ٹی ڈی نے نہایت حساس اور خفیہ کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الہندوستان سے وابستہ دہشتگردوں کے بڑے خطرناک منصوبے کو ناکام دیا، جادے والی کے مقام پر اس آپریشن کے دوران 5 خارجی دہشتگرد ہلاک کر دئیے گئے ، جبکہ 8 شدت پسندوں کے شدید زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں ۔یہ دہشتگرد ایک بڑی تخریبی کارروائی کی منصوبہ بندی کر رہے تھے ،جسے ناکام بنا دیا گیا۔ علاقے میں کلین اینڈ سرچ آپریشن تاحال جاری ہے ۔دریں اثنا سی ٹی ڈی پنجاب اور پولیس نے بہاولپور میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے انتہائی مطلوب فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والا دہشتگرد ہلاک کردیا جبکہ 3 فرار ہوگئے ،ملزموں کے قبضے سے بڑی تعداد میں گولیاں اور ہینڈ گرینیڈ برآمد ہوئے ۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا پنجاب پولیس اور سی ٹی ڈی نے ایک بار پھر ثابت کیا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ ہمارا اولین ایمان ہے ۔ ادھر دوسری جانب خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں بھی محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) اور پولیس کی مشترکہ کارروائی میں کالعدم تحریک طالبان (ٹی ٹی پی) ٹیپو گل گروپ سے تعلق رکھنے والے 3 دہشت گرد وسیم اللہ عرف عمر خطاب، قدرت اللہ عرف ابوبکر اور ہجرت اللہ عرف ہجرتمارے گئے ۔ہلاک دہشتگرد سی ٹی ڈی کے وحید اللہ، ٹریفک کانسٹیبل انور شیر اور کانسٹیبل ادریس کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے ۔مقابلہ تقریباً 25 منٹ تک جاری رہا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں