ادویات کی غیر قانونی فروخت، مجرم کو 19سال قید با مشقت
راولپنڈی (خبر نگار) غیر رجسٹرڈ ادویات کی بغیر اجازت اور غیر قانونی فروخت کے مقدمہ کی سماعت مکمل ہونے پر ڈرگ کورٹ کے جج محمد فیصل بٹ نے ملزم کو سزائیں سنا دیں، مجرم نسیم مسیح کو مجموعی طور پر 19سال قید بامشقت، 10کروڑ 10لاکھ جرمانہ کی سزا کا حکم سنایا گیا۔
ادویات کی غیر قانونی فروخت پر 5سال قید،4کروڑ روپے جرمانہ اور عدم ادائیگی جرمانہ پر مزید 15 ماہ قید کا بھی حکم دیا گیا۔ ممنوعہ ادویات کی فروخت پر مجرم کو 2سال قید اور 5لاکھ جرمانہ کی سزا کا حکم دیا گیا، عدم ادائیگی جرمانہ پر مجرم کو مزید تین ماہ قید کاٹنا ہو گی۔ ڈرگ ایکٹ سیکشن 28ون کے تحت مجرم کو 10سال قید،6کروڑ روپے جرمانہ کی سزاؤں کا حکم دیا گیا، عدم ادائیگی جرمانہ کی صورت میں مجرم کو مزید دو سال قید کاٹنا ہو گی۔ ڈرگ ایکٹ سیکشن 3کے تحت مجرم کو 2سال قید،5لاکھ روپے جرمانہ کی سزا کا حکم دیا گیا جبکہ عدم ادائیگی جرمانہ پر ملزم کو مزید تین ماہ قید کا بھی حکم ہے ۔