9مئی کیسز ،یاسمین راشد،عمرسرفرازکی ضمانتوں پرفیصلہ محفوظ

 9مئی کیسز ،یاسمین راشد،عمرسرفرازکی ضمانتوں پرفیصلہ محفوظ

لاہور،راولپنڈی (کورٹ رپورٹر ،خبرنگار ،مانیٹرنگ ڈیسک)انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ اور سابق صوبائی وزیر ڈاکٹر یاسمین راشد کی 9 مئی کے مقدمات میں ضمانت کی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کر لیا ۔

انسداد دہشت گردی عدالت کے جج منظر علی گل نے ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی، عمر سرفراز چیمہ کی 4 مقدمات میں ضمانت کی درخواستوں پر سماعت ہوئی، دو مقدمات کا فیصلہ 16جولائی اوردو مقدمات کافیصلہ 19جولائی کو ہوگا۔عدالت دو مقدمات میں ڈاکٹر یاسمین راشد کی ضمانت پر فیصلہ 17 جولائی کوسنائے گی ۔ لاہور کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے پی ٹی آئی رہنماؤں شاہ محمود قریشی،ڈاکٹر یاسمین راشد، عمر سرفراز چیمہ، اعجاز چودھری اور میاں محمود الرشید سمیت دیگر ملزموں کے خلاف شیرپاؤ پل پر اشتعال انگیز تقاریر، جلاؤ گھیرا ؤاور دیگر الزامات سے متعلق چھ مقدمات کی کوٹ لکھپت جیل میں سماعت کے دوران پانچ گواہوں کے بیانات پر جرح مکمل کر لی،بعد ازاں جج ارشد جاوید نے سماعت منگل تک ملتوی کردی ۔ لاہور ہائیکورٹ نے اعجاز چودھری کی 4 مقدمات میں ضمانت کی درخواستیں سماعت کیلئے مقرر کر دیں،جسٹس سید شہباز علی رضوی اور جسٹس اسجد جاوید گھرال پر مشتمل دو رکنی بینچ 14 جولائی کو سماعت کرے گا ۔راولپنڈی کی انسداد دہشتگری عدالت نے پی ٹی آئی رہنماؤں عمر ایوب اور راجہ بشارت کی عبوری درخواست ضمانتوں میں توسیع کر دی ۔نومبر کے احتجاج کے دوران درج مقدمات کی سماعت جج امجد علی شاہ نے کی۔ دوران سماعت عمر ایوب کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا اپوزیشن لیڈر عمر ایوب بیمار ہیں آج عدالت پیش نہیں ہو سکتے ،ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال ہری پور سے عمر ایوب کا میڈیکل سرٹیفکیٹ عدالت میں پیش کر دیا گیا ۔عدالت نے عمر ایوب کی عبوری ضمانت میں 15 جولائی جبکہ عدالت میں پیش ہونے والے سابق صوبائی وزیر بشارت راجہ کی عبوری درخواست ضمانت میں 16 جولائی تک توسیع کر دی ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں