پاکستان،چین کاکئی مشترکہ تربیتی پروگرام شروع کرنے پراتفاق
اسلام آباد(آئی این پی)پاکستان اور چین کے مابین سی پیک کے دوسرے مرحلے کیلئے تعمیراتی انجینئرنگ، مصنوعی ذہانت، زراعت اور ہوٹل مینجمنٹ سمیت درجنوں شعبوں میں مشترکہ تربیتی پروگرام شروع کرنے پر اتفاق۔۔۔
جبکہ سعودی عرب اور عمان کے ساتھ ہنر و اسناد کی باہمی منظوری کے نظام پر بھی کام شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ یہ اہم پیش رفت چیئرپرسن نیوٹیک گلمنہ بلال احمد کے رواں ماہ دورہ چین کے دوران ہوئی۔ گلمینہ بلال احمد نے گزشتہ روز نیوٹیک ہیڈکوارٹر میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ دورے کا مقصد سی پیک کے دوسرے مرحلے کیلئے ہنر مند افرادی قوت کی تیاری اور پاکستان کے نوجوانوں کو عالمی معیار کی تکنیکی تربیت سے آراستہ کرنا تھا۔ایک ورکنگ میٹنگ میں تعمیراتی انجینئرنگ، مصنوعی ذہانت، زراعت، اور ہوٹل مینجمنٹ کے شعبوں میں مشترکہ تربیتی پروگرام شروع کرنے پر اتفاق کیا گیا جبکہ سعودی عرب اور عمان کے ساتھ ہنر و اسناد کی باہمی منظوری کے نظام پر بھی کام شروع کرنے کا فیصلہ ہوا،چین سی پیک کے دوسرے مرحلے میں صنعتی ترقی کو درکار افرادی قوت بھی فراہم کرے گا۔