علی امین گنڈاپور کا بیان اہم نہیں:تھنک ٹینک

علی امین گنڈاپور کا بیان اہم نہیں:تھنک ٹینک

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)معروف تجزیہ کار ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا ہے کہ علی امین گنڈاپور نے جو لاہور میں آکر باتیں کیں، ان پر زیادہ توجہ نہیں دینی چاہیے۔ بات یہ ہے کہ پارٹی کے اندر ایک سے زیادہ بیانیے چل رہے ہیں اور یہ سلسلہ جاری رہے گا۔

دنیا نیوز کے پروگرام "تھنک ٹینک" میں میزبان مریم ذیشان سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے اندرونی مسائل اور مشکلات کی وجہ سے علی امین گنڈاپور کا بیان زیادہ اہمیت نہیں رکھتا، اور امکان ہے کہ ان کا اگلا بیان اس سے مختلف ہو۔ اگر تحریک انصاف نے کوئی تحریک چلانی ہے تو اس کا اندازہ آخری وقت میں ہی ہوگا، فی الحال تو ایسے کوئی آثار نظر نہیں آتے ۔معروف تجزیہ کار سلمان غنی نے کہا کہ تحریک انصاف کے اندر کنفیوژن اور اختلافات موجود ہیں۔ اسی لیے علی امین گنڈاپور ایک مؤقف دے رہے ہیں، علیمہ خان دوسرا۔ جیل سے باہر موجود قیادت تاحال احتجاجی تحریک کے حوالے سے سنجیدہ دکھائی نہیں دیتی۔تجزیہ کار ڈاکٹر رسول بخش نے کہا کہ علی امین گنڈاپور نے نیوز کانفرنس میں جو نکات اٹھائے ، وہ دراصل عمران خان کا منشور تھے لیکن جن سے وہ بات چیت کرنا چاہتے ہیں، وہ اس معاملے میں کوئی دلچسپی نہیں رکھتے ۔تجزیہ کار خواجہ عثمان شامی نے کہا کہ 90 روز کی بات کر کے عوام کو کئی بار دھوکہ دیا گیا۔ سب سے پہلے جنرل ضیا نے 90 دن میں انتخابات کرانے کا وعدہ کیا تھا، پھر عمران خان نے کہا تھا کہ وہ اقتدار میں آکر 90 دن میں کرپشن ختم کریں گے ۔ لیکن جب بھی سیاست دانوں نے 90 روز کا وعدہ کیا، وہ وفا نہ ہو سکا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں