ریاست مخالف سرگرمیوں کا الزام، علیمہ خان کی آج طلبی
لاہور، راولپنڈی(خبرنگار، مانیٹرنگ ڈیسک)نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی لاہور زون نے سوشل میڈیا پر ریاست مخالف سرگرمیوں پر عمران خان کی بہن علیمہ خان کو تفتیش کے لئے طلب کرتے ہوئے نوٹس جاری کردیا۔
علیمہ خان کوآج 17 جولائی صبح 11 بج کر 30 منٹ پر دفتر گلبرگ-II، لاہور میں ذاتی طور پر پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ذرائع کے مطابق علیمہ خان کی طلبی کا مقصد ان سے ان کے دفاع میں بیان ریکارڈ کروانا ہے اور انہیں 27 مئی 2025 کو درج ہونے والے مقدمے کی انکوائری پر طلب کیا گیا ۔ادھر وکیل بانی پی ٹی آئی فیصل ملک نے کہا ہے کہ علیمہ خان کو قتل کے ایک مقدمہ میں نامزد کر دیا گیا ہے انسداد دہشتگر د ی عدالت کے باہر گفتگو کرتے ہوئے فیصل ملک نے بتایا کہ علیمہ خان کے خلاف درج مقدمات بوگس ہیں آج ہمیں پتہ چلا ہے کہ علیمہ خان کو قتل کے ایک مقدمہ میں نامزد کیا گیا ہے اس کی تفصیلات کے حصول کے لئے عدالت سے استدعا کی ہے ۔ جس کے بعد لیگل ٹیم کیساتھ تفتیش میں شامل ہو نگے۔