چیف جسٹس عدالتی فیصلوں پر عملدرآمد کرائیں:ترجمان پی ٹی آئی
اسلام آباد، راولپنڈی(خصوصی نیوز رپورٹر،دنیا نیوز) ترجمان تحریک انصاف شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ اڈیالہ جیل کی انتظامیہ عدالتی احکامات ردی کی ٹوکری میں پھینک دیتی ہے ، چیف جسٹس نوٹس لیں، عدالتوں کا مذاق اڑایا جارہا ہے ۔
نیوز کانفرنس کرتے ہوئے شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ چیف جسٹس عدالتی فیصلوں پر عملدرآمد کرائیں، یاسمین راشد کیساتھ نوازشریف کو شکست دینے پر ناروا سلوک کیا جا رہا ہے ، یاسمین راشد کو علاج کی سہولیات نہیں دی جا رہیں۔ وقاص اکرم کا کہنا تھا کہ شاہ محمود ، یاسمین راشد، عمر چیمہ کے ساتھ ظلم ہو رہا ہے ، ان کا کہنا تھا چیف الیکشن کمشنر کیسے جمشید دستی کو نااہل قرار دے سکتے ہیں، الیکشن کمیشن اپوزیشن لیڈر کو راستے سے ہٹانا چاہتی ہے ۔تحریک انصاف کے رہنما نے کہا کہ ہماری لیگل ٹیم جمشید دستی کے معاملے کو دیکھ رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ 15 ماہ میں پٹرول کی قیمت میں 82 فیصد اضافہ ہوا ہے ، خوشحالی لانے کا نعرہ لگانے والوں نے غریب کو تباہ کر دیا ، چینی 200 روپے کلو تک پہنچ گئی ہے ۔ مڈل کلاس طبقہ کا جینا مشکل ہو چکا ہے ، 5 اگست کے حوالے سے کوئی ابہام نہیں ، بانی پی ٹی آئی نے احتجاج کیلئے پانچ اگست کی تاریخ دی ہے ۔