مریم نواز کی پی ڈی ایم اے ہیڈ کوارٹر آمد،3گھنٹے بریفنگ :ہر شہر میں پانی کی فوری نکاسی وارننگ سسٹم بہتر کرنیکا حکم

مریم نواز کی پی ڈی ایم اے ہیڈ کوارٹر آمد،3گھنٹے بریفنگ :ہر شہر میں پانی کی فوری نکاسی وارننگ سسٹم بہتر کرنیکا حکم

لاہور(اے پی پی ،دنیا نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف پی ڈی ایم اے کے ہیڈ کوارٹر پہنچ گئیں۔ پنجاب میں بارشوں اور سیلاب کی صورتحال پر مسلسل تین گھنٹے بریفنگ لی۔ وزیراعلیٰ کو مون سون کے لئے پیشگی اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے پی ڈی ایم اے کے مرکزی کنٹرول روم کا دورہ کیا۔ فلڈ فور کاسٹ ڈویژن، انٹرنیشنل ویدر پورٹل، سیمو لیشن ماڈل، ارلی وارننگ سسٹم پر بریفنگ دی گئی۔

 ڈی جی پی ڈی ایم اے نے پنجاب کے دریاؤں، ڈیم اوربیراج پرواٹر لیول کی صورتحال سے بھی آگاہ کیا۔ مریم نواز کوڈی جی پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی عرفان علی کاٹھیا نے تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا طوفانی بارشوں اور سیلابی ریلوں کے دوران 1063 افراد کوفوری کارروائی کرکے بچالیا گیا۔ جہلم اور چکوال میں برساتی پانی میں گھرے افراد کو 23منٹ میں ریسکیو کیا گیا۔اطلاع ملتے ہی این ڈی ایم اے سے رابطہ کرکے آرمی ہیلی کاپٹر طلب کیا گیا۔ متاثرین کواوسطاً 15منٹ میں محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ مون سون کے دوران پنجاب میں 108 قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع ہوا۔بارشوں کے دوران کوئی بھی فرد سرکاری اداروں کی غفلت یا کوتاہی سے جاں بحق نہیں ہوا۔ پنجاب میں بارشوں کا دوسرا بڑا سپیل 21جولائی سے شروع ہونے کا امکان ہے ۔ ڈی سیلٹنگ کی وجہ سے راولپنڈی کے نشیبی علاقوں سے پانی کا چند گھنٹوں میں نکاس ممکن ہوا۔ پنجاب بھر میں دریائی اور سیلابی پانی کے راستے میں تجاوزات کو ختم کرنے پر خصوصی توجہ دی گئی۔ وزیراعلیٰ نے برساتی پانی میں گھرے افراد تک لائف جیکٹ پہنچانے کے لئے سپیشل ڈرون کا مشاہدہ بھی کیا۔

انہوں نے ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا اور ٹیم کی کارکردگی کو سراہا۔ ضلعی انتظامیہ، ریسکیو1122، پولیس اور دیگر اداروں کو شاباش دی اورریسکیو اور ریلیف کارروائیوں میں معاونت کرنے پر پاک آرمی کا بھی شکریہ ادا کیا۔ پی ڈی ایم اے ہیڈ کوارٹر میں گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے حکم دیا ہر شہر میں بارش کے پانی کی نکاسی کا عمل فوراً مکمل کیا جائے اور عوام کو سیلابی ریلوں سے بروقت آگاہ کرنے کے لئے وارننگ سسٹم کو مزید بہتر بنایا جائے ۔ انہوں نے ہدایت کی پرائیویٹ سوسائٹیز کو بھی بارش کے پانی کی بروقت نکاسی کا پابند بنایا جائے اور ندی نالوں، نہروں اور دریاؤں میں نہانے پر پابندی یقینی بنائی جائے ۔ وزیراعلیٰ نے کہا بارشوں کے دوران ڈپٹی کمشنرز نکاسی آب مکمل ہونے تک فیلڈ میں خود موجود رہیں اور اس کے ساتھ ساتھ ندی نالوں میں سیلابی پانی کی روانی کے لئے صفائی اور تجاوزات کا خاتمہ یقینی بنایا جائے ۔ وزیراعلیٰ نے بارشوں کی وجہ سے ہونے والے نقصانات کی تفصیلات طلب کر لیں۔ مریم نواز نے کہا بروقت تیاری کی وجہ سے طوفانی اور تاریخی بارش کے دوران نقصانات سے ممکنہ حد تک بچاؤ ممکن ہوا۔ریلیف سرگرمیوں کے دوران نومولود بچے کو ریسکیو کرکے والدین کے سپر د کرنے کے عمل کو دیکھ کر جذباتی ہوگئی۔انہوں نے کہا حکومتی اداروں نے اچھا کام کیا، غفلت یا کوتاہی کی وجہ سے کوئی ہلاکت نہیں ہوئی۔وزیراعلیٰ نے پنڈدادن خان کے تھانہ چوٹھالہ کے اہلکار حیدر علی کو سیلابی صورتحال میں پھنسے شہریوں کو ریسکیو کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے پر خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔

انہوں نے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی ا ور تعزیت کا اظہا ر کرتے ہوئے کہا حیدر علی نے اپنی جان کی پرواکیے بغیر فرض کی ادائیگی کے دوران جو قربانی دی وہ ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔دریں اثنائوزیراعلیٰ مریم نواز سے پاکستان میں تعینات بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر اقبال حسین خان نے ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعاون،باہمی تجارت، صنعت اور زراعت میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر نے وزیراعلیٰ کے عوامی فلاحی اقدامات اور ڈویلپمنٹ کو سراہا۔ مریم نواز نے گفتگو کرتے ہوئے کہا پاکستان اور بنگلہ دیش ایک ہی درخت کی دو شاخیں ہیں ہماری جڑیں مشترکہ تاریخ اور ثقافت میں پیوست ہیں۔ پنجاب بنگلہ دیش کی گارمنٹس، مائیکروفنانس اور وویمن کی ورک فورس میں کامیابیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے ۔پنجاب اور بنگلہ دیش کے مابین زراعت اور فوڈ سکیورٹی کے شعبے میں بھی وسیع تعاون کی گنجائش ہے ۔وزیراعلیٰ نے کہا جنوری 2025 میں ایم او یو کے تحت پنجاب بنگلہ دیش کو 50 ہزار ٹن اعلیٰ معیار کا چاول برآمد کر چکا ہے ۔وزیراعلیٰ نے کہا لاہور اور ڈھاکا میں پاکستان بنگلہ دیش جوائنٹ چیمبر آف کامرس کے قیام کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ بنگلہ دیشی سرمایہ کاروں کو ون ونڈو بزنس سینٹرز کے ذریعے ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں