مہنگائی نے عوام کا جینا محال کر دیا :فضل الرحمن
اسلام آباد(اپنے رپورٹرسے ، مانیٹرنگ ڈیسک ، آئی این پی )جے یو آئی (ف)کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ پاکستان کو اسلامی جمہوری ریاست بنانے کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے ،ہم نے آئین کو اسلامی بنانے کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کی، ختم نبوت کے معاملے پر سپریم کورٹ کو مؤقف بدلنے پر مجبور کیا،۔
ان خیالات کا اظہار ا نہوں نے ڈیرہ تاجی کھوکھر پرفرخ کھوکھر کی اپنی برادری اور دوستو ں کے ہمراہ جے یو آئی میں شمولیت پر استقبالیہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر فرخ کھوکھر اور دیگر سیاسی زعما نے بھی خطاب کیا ،مولانافضل الرحمن نے کہا کہ دنیا بھر میں مذہب کی توہین کی جا رہی ہے ، پاکستان میں مخصوص لابی مذہبی اقدار کو کمزور کرنا چاہتی ہے ، وطن کی نظریاتی بنیادوں پر سمجھوتا نہیں ہوگا، ہم پاکستان میں آئین و قانون کی بالادستی چاہتے ہیں۔مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ مہنگائی نے عوام کا جینا محال کر دیا ، معیشت کا دھڑن تختہ ہو چکا،ہمسایہ ممالک ترقی کر رہے ہیں، پاکستان معاشی بحران میں ڈوبا ہے ، عام آدمی کی زندگی میں تبدیلی لائے بغیر بہتری ممکن نہیں، مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ فرخ کھوکھر کے ڈیرے کا فیصلہ اسلام آباد و راولپنڈی کے سیاسی رجحان کا مظہر ہے ، فرخ کھوکھر کی جے یو آئی میں شمولیت خوش آئند ہے ، فرخ کھوکھر پاکستان میں شریعت کے نفاذ کے لیے کام کرے گا، انہوں نے مزید کہا کہ ہم اس ملک میں آئین اور قانون کی حکمرانی چاہتے ہیں، عوام کے حقوق ملنے چاہئیں وگرنہ ہم چھین کر لیں گے ، جب تک انقلاب تبدیلی نہیں لائیں گے حقوق نہیں ملیں گے ،سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ ہمیں حضرت عمرؓ کا انصاف اور صدیق اکبرؓ کی صداقت اپنانا ہوگی، آئندہ سے راولپنڈی اسلام آباد فرخ کھوکھر کے حوالے ہوگیا ۔