مریم نواز کا ننکانہ میں سیلاب زدہ علاقوں کا ڈھائی گھنٹے دورہ : نقصان کا ازالہ کرینگے ، وزیراعلیٰ

مریم نواز کا ننکانہ میں سیلاب زدہ علاقوں کا ڈھائی گھنٹے دورہ : نقصان کا ازالہ کرینگے ، وزیراعلیٰ

لاہور(دنیا نیوز،خبر ایجنسیاں)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سیلاب سے پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لینے ننکانہ صاحب پہنچ گئیں۔ شہر اور دیہات کے ڈھائی گھنٹے طویل دورے کئے۔

وزیراعلیٰ نے سیلابی ریلوں سے بچاؤ کے لئے دو فلڈ ڈرین بنانے ،الیکٹرک بسوں کی تعداد بڑھانے کا اعلان کیا۔ وزیراعلیٰ نے روڈ ز اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کی جلد تکمیل ، سکولز کے سامنے زیبرا کراسنگ ، سائن بورڈ یقینی بنانے ، روٹی کے نرخ کنٹرول کرنے ،کلینک آن وہیل کی تعداد بڑھانے کی ہدایت کی۔ مریم نواز نے جسلانی موڑ میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور پی ڈی ایم اے کے امدادی سامان کی تقسیم کا آغاز کیا۔وزیراعلیٰ نے سیلاب متاثرین سے بات چیت بھی کی۔ مریم نواز نے دھولار چوک،گورو دوارہ جنم استھان چوک، ڈی پی ایس چوک، بیری چوک، چونگی چوک، ریلوے روڈ، پیرا حمد شاہ روڈ اور مانانوالہ پھاٹک کے علاقوں کا بھی دورہ کیا۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر آفس میں ارکان پارلیمنٹ سے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا سیلابی ریلوں سے متاثرہ فصلوں اور لائیو سٹاک کے نقصان کا ازالہ کریں گے ۔کسی جگہ قبضہ ہونا ڈپٹی کمشنر اور کمشنر کی ناکامی ہے ۔ وزیراعلیٰ بغیر شیڈول ڈی ایچ کیو ہسپتال پہنچ گئیں، ایمرجنسی اور دیگر وارڈز کا دورہ کیا۔مریم نواز نے ریسکیو1122 کوگجرات میں سیلابی ریلے میں گھرے 23 افراد کو بچا نے پر شاباش دی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں