پاکستان اسٹیل کی بحالی کاعمل تیز،روسی انجینئرزپہنچ گئے ،مشینری کامعائنہ
کراچی (سٹاف رپورٹر) وفاقی حکومت کی جانب سے ملک کے پہلے فولاد ساز ادارے پاکستان اسٹیل کی بحالی کا عمل تیز کر دیا گیا۔
روس کی اسٹیل انڈسٹری سے وابستہ انجینئرز نے بدھ کو پاکستان اسٹیل میں بلاسٹ فرنس(BF1)، کولڈرولنگ مل(CRM)، ہاٹ اسٹرپ مل (HSM)سمیت دیگر شعبہ جات کا دورہ کیا اور مشینری و آلات کا معائنہ کیا۔روسی ماہرین کو پاکستان اسٹیل کے سابق ڈائریکٹر و ٹیکنیکل آفیسر مسعود اصغر نے بریفنگ دی۔وفد نے پاکستان اسٹیل کے قریب واقع نیشنل انڈسٹریل پارک کا بھی دورہ کیا۔روسی انجینئرز پاکستان اور روس کی وزارت پیداوار کے حکام کو ابتدائی رپورٹ پیش کریں گے جس پر طے کیا جائے گا کہ موجودہ اسٹیل ملز میں پیداواری عمل کو بحال کرنے کے لئے کام کا آغاز کیا جائے یا اسٹیل مل میں نیا پلانٹ لگایا جائے ۔