ماں اور بچے کی صحت کیلئے پیدائش میں مناسب وقفہ ناگز یر:اسلامی نظریاتی کونسل

ماں اور بچے کی صحت کیلئے پیدائش میں مناسب وقفہ  ناگز یر:اسلامی نظریاتی کونسل

اسلام آباد(اپنے رپورٹرسے ، مانیٹرنگ ڈیسک ) اسلامی نظریاتی کونسل نے ماں اوربچے کی صحت کیلئے بچوں کی پیدائش میں مناسب وقفہ ناگزیر قراردے دیا ہے ۔

 اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی کی زیر صدارت 40 سے زائد جید علماء کے ساتھ پاپولیشن  کونسل کا مشاورتی اجلاس ہوا۔ سینئر ڈائریکٹر پروگرامز اور ریسرچ پاپولیشن کونسل ڈاکٹر علی محمد میر نے بتایا پاکستان میں ہر سال 11 ہزار خواتین بوجہ حمل و زچگی موت کا شکار ہو جاتی ہیں ، یہ شرح دیگر اسلامی ممالک بشمول انڈونیشیا، بنگلہ دیش، ملائشیا، ایران اور سعودی عرب میں سب سے زیادہ ہے ۔ 1000 میں سے 62 بچے ایک سال کی عمر سے پہلے ہی موت کا شکار ہو جاتے ہیں۔ پانچ سال سے کم عمر 40 فیصد بچوں کا قد عمر کے لحاظ سے مناسب نہیں، 18 فیصد بچے غذائی قلت اور 29 فیصد وزن کی کمی کا شکار ہیں ۔ پانچ تا سولہ سال عمر کے تقریباً ڈھائی کروڑ بچے یعنی ہر تیسرا بچہ سکول سے باہر ہے ۔ علما عوام کو تلقین کریں کہ قرآنی تعلیمات کے مطابق دو سال تک اپنے بچوں کو ماں کا دودھ پلائیں جو فیملی پلاننگ کا قدرتی طریقہ بھی ہے ۔ اس سے ماؤں اور نومولود بچوں کی شرح موت میں بھی کمی ہوتی ہے ۔

مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا قرآن اور سنت نبویؐ کی تعلیمات کی روشنی میں انسانی زندگی کا تحفظ، ماں اور بچے کی بہتر صحت اور خاندانی فلاح اسلامی ذمہ داری ہے ۔ شرعی اصولوں کے مطابق پیدائش میں مناسب وقفہ بچوں کی صحت کے تناظر میں والدین کا فرض ہے ۔ غیر شرعی اور طبی نقصانات والا طریقہ اختیار نہ کیا جائے ۔ اگلی ولادت میں عورت کو جان کا خطرہ یا ناقابلِ برداشت تکلیف ، ناقابلِ تحمل کمزوری کا اندیشہ یا پچھلے بچے کے دودھ کا مسئلہ ہو یا ولادت کے سلسلے میں بارہا آپریشنز کا سامنا ہو تو مانع حمل کی عارضی تدابیر اختیار کرنا اور عارضی ضروری و مناسب وقفہ کرنا شرعاً جائز اور اس پر تمام مسالک متفق ہیں ۔ اسلام کے بنیادی اصول میزان پر مبنی قومی بیانیہ (توازن)بھی آبادی اور وسائل کے درمیان اعتدال پر زور دیتا ہے جس کے مطابق والدین (شوہر اور بیوی) ذمہ داری کامظاہرہ کریں تا کہ بچے کی پیدائش کے ساتھ ساتھ اُن کو صحت اور مناسب پرورش و تربیت جیسی بنیادی سہولیات فراہم کرسکیں۔ علمائے کرام فہم اور آگاہی کیلئے قومی و دینی فریضہ ادا کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔ ڈاکٹر راغب نعیمی نے تجویز دی کہ علماء اور تحقیق سے جڑے ماہرین کی تکنیکی کمیٹی تشکیل دی جائے جو اسلامی تعلیمات کی روشنی میں پیغام عوام تک پہنچائے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں