کیپٹن سرور شہید نشان حیدر کی برسی، پاک فوج کا سلام
راولپنڈی (خصوصی نیوز رپورٹر) پاک افواج آج کیپٹن محمد سرور شہید نشانِ حیدر کی 77ویں برسی انتہائی عقیدت و احترام سے منا رہی ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کیپٹن محمد سرور شہید جو نشانِ حیدر پانے والے پہلے پاکستانی سپاہی ہیں، نے 27 جولائی 1948 کو پہلی کشمیر جنگ کے دوران ضلع پونچھ کے علاقے تلی پترہ (آزاد کشمیر) میں جامِ شہادت نوش کیا۔ انہوں نے غیر معمولی جرأت، عسکری حکمت عملی اور فرض شناسی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کے خلاف قیادت کی اور مادرِ وطن کی خاطر جان کا نذرانہ پیش کیا۔ پاک افواج اُن کی لازوال قربانی کو سلام، اُن کے بے مثال حوصلے اور شجاعت کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہیں، جو آج بھی افواجِ پاکستان کے افسروں اور جوانوں کیلئے مشعلِ راہ ہے ۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ کس طرح ہمارے ہیروز نے مادرِ وطن کی حفاظت کیلئے جانیں قربان کیں۔ اس موقع پر پوری قوم اپنے عظیم سپوت کو خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے ۔ پاک افواج اس عزم کا اعادہ کرتی ہیں کہ وہ شہداء کی قربانیوں سے حوصلہ لے کر پاکستان کی خودمختاری اور سالمیت کے تحفظ کیلئے ہر قیمت پر اپنا کردار ادا کرتی رہیں گی۔