بلوچستان سٹڈی پروجیکٹ اسرائیلی مفادات کیلئے استعمال ہو سکتا :قطری میڈیا
اسلام آباد (این این آئی)قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ نے انکشاف کیا ہے کہ امریکی تھنک ٹینک ‘مڈل ایسٹ میڈیا ریسرچ انسٹیٹیوٹ کا حالیہ منصوبہ ‘بلوچستان اسٹڈی پروجیکٹ’ اسرائیلی جغرافیائی سیاسی مفادات کے لیے استعمال ہو سکتا ہے۔
الجزیرہ میں شائع محقق عبداللہ موسوی کے مضمون میں خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ اسرائیل اس منصوبے کے ذریعے بلوچستان میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم علیحدگی پسند دہشتگردوں کو اپنے مقاصد کے لیے بروئے کار لا سکتا ہے ۔مضمون کے مطابق مڈل ایسٹ میڈیا ریسرچ انسٹیٹیوٹ کے اس منصوبے کا مقصد نہ صرف پاکستان بلکہ ایران پر بھی نظر رکھنا ہے ، کیونکہ اسرائیل کو شبہ ہے کہ پاکستان ایران کو ٹیکٹیکل ایٹمی ہتھیار فراہم کر سکتا ہے ۔ مضمون میں کہا گیا ہے کہ ایم ای ایم آر آئی بلوچستان میں جاری ریاستی کارروائیوں کی مسخ شدہ تصویر پیش کر رہا ہے ، حالانکہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کر رہی ہیں، جنہیں بلوچ عوام کی حمایت بھی حاصل ہے ۔ اسرائیل کی جانب سے خطے میں دہشتگرد گروہوں کی پشت پناہی مغربی ایشیا میں اس کے بڑھتے اثر و رسوخ اور بھارت کے ساتھ اسٹریٹجک اتحاد کا حصہ قرار دی جا رہی ہے ۔