احتجاج بارے حکمت عملی کا اعلان یکم اگست کو ہوگا، جنید اکبر
ہری پور، پشاور (نیوز ایجنسیاں) پی ٹی آئی نے آئندہ احتجاج سے متعلق حکمت عملی کا اعلان یکم اگست کو کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اپنے ایک بیان میں پی ٹی آئی خیبر پختونخوا کے صدر جنید اکبر نے اپنے بیان میں کہا کہ پی ٹی آئی کے احتجاج سے متعلق حکمت عملی کا اعلان یکم اگست کو کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ احتجاج سے متعلق پارٹی رہنماؤں کی رائے لی جا رہی ہے ، 5 اگست کا احتجاج تحریک تحفظ آئین کے پلیٹ فارم سے ہوگا۔جنید اکبر نے کہا کہ عمران خان کو توڑنے والے خود ٹوٹ جائیں گے ، عوام ان کے ساتھ ہیں۔عمران خان کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑے ہیں، پیچھے ہٹنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ہری پور میں تحریک انصاف کے زیر اہتمام بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے حق میں ایک ورکر کنونشن کیا گیا، جس میں پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے تحریک انصاف خیبرپختونخوا کے صدر جنید اکبر نے کہا کہ وہ وقت ضرور آئے گا جب آپ لوگ چھپیں گے اور ہم آپ کو گھسیٹیں گے ۔ جنید اکبر نے مزید کہا کہ آپ کو عمر ایوب سے اس لیے تکلیف ہے کیونکہ وہ سچ بولتا ہے ، وہی بات کرتا ہے جو آپ سن نہیں سکتے ۔ان کا کہنا تھا کہ ہمارے بے گناہ کارکنوں، لیڈروں اور بچوں پر جھوٹے مقدمات قائم کیے گئے اور انہیں جیلوں میں ڈالا گیا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ہم ہر ظلم کا حساب لیں گے اور دعا ہے کہ خدا آپ کے بچوں کے ساتھ بھی ویسا ہی کرے جیسا آپ نے ہمارے ساتھ کیا۔جنید اکبر نے واضح کیا کہ تحریک انصاف کے کارکن جیلوں سے نہیں ڈرتے ۔