سیاسی استحکام کی شرائط پوری نہیں کی جارہیں:تھنک ٹینک

 سیاسی استحکام کی شرائط پوری نہیں کی جارہیں:تھنک ٹینک

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)معروف تجزیہ کا ر ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا ہے کہ سیاسی استحکام کیلئے کچھ شرائط ہیں ،ان شرائط کو پاکستان میں پورا نہیں کیا جارہا، پہلی چیز ہے شفاف الیکشن،جب تک الیکشن فیئر اینڈ فری نہیں ہونگے تو اس وقت تک سیاسی استحکام نہیں آسکتا۔۔۔

دوسری شر ط یہ ہے سیاسی عمل میں لوگوں کو زیادہ سے زیادہ حصہ بنایا جائے ،ہمارے ہاں صاحب اقتدار اسٹیبلشمنٹ سے مل کر سیاسی مخالفین کو پراسیس سے باہر نکالتے ہیں،اگرکوئی کسی کو سیاست سے نکالے گا تو مسائل بڑھیں گے ۔ دنیا نیوز کے پروگرام تھنک ٹینک میں گفتگو کرتے ہوئے معروف تجزیہ کا ر سلمان غنی نے کہا کہ جمہوری معاشروں میں اختلاف رائے ہوتا ہے ،اختلاف رائے کو دشمنی میں تبدیل نہیں کیا جاتا،اگر سیاسی تلخیاں رہیں تو پاکستان آگے کی طرف نہیں بڑھے گا ،معاشی استحکام سیاسی استحکام سے آتا ہے ،ملکی ترقی کیلئے سیاسی استحکام ضروری ہے ،سیاسی استحکام نہ ہونے کے ذمہ دار سیاستدان ہیں۔ تجزیہ کا ر عامر ضیاء نے کہا ہے کہ آجکل یہی چل رہا ہے کہ مخالف کو منظر نامے سے ہٹایا جار ہا ہے ،صاحب اقتدار کی سوچ ہے کہ اگر ہم اپنے مخالفین کوپنپنے دیں گے تو اس سے ہم کہیں کنارے نہ لگ جائیں ،سازگار ماحول پیدا کرنا حکومت وقت کی ذمہ داری ہے ۔ تجزیہ کا ر عثمان شامی نے کہا ہے ڈیڈلاک حکومت اور اپوزیشن دونوں کی طرف سے ہے ، اگر تمام سیاسی جماعتیں مل کر بیٹھ جائیں تو سارے مسائل حل ہوجائیں گے ، اگر تمام سیاسی جماعتیں اپنے دلوں میں سپیس پیدا کرلیں تو کوئی درمیانی راستہ نکل سکتا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں