ایوان میں ہاتھا پائی ناقابل برداشت

ایوان میں ہاتھا پائی ناقابل برداشت

لاہور(سپیشل رپورٹر) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے کہا کہ ایوان میں ہاتھا پائی ناقابل برداشت اور غیر جمہوری رویہ ہے۔ کسی رکن کو آئین و قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں۔

اسمبلی میں نازیبا الفاظ کا استعمال،لڑائی جھگڑا اور گالم گلوچ کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔پنجاب اسمبلی صوبے کا چہرہ ہے جسے پوری دنیا میں دیکھا جاتا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے قائم مقام سپیکر پنجاب اسمبلی ظہیر اقبال چنڑسے ملاقات کے دوران کیا ۔ ملاقات کے دوران قائم مقام سپیکر نے گورنر پنجاب کو اسمبلی میں ہونے والی ہنگامہ آرائی سے متعلق مکمل آگاہ کیا۔گورنر نے کہا کہ ایسے ارکان جو ایوان میں اپنے حلف کی پاسداری نہ کرسکیں اورایوان کاتقدس پامال کریں ان کے خلاف کارروائی ہونی چاہئے ۔انہوں نے مزید کہا کہ سپیکر کا کردار ایک باپ کی مانند ہے جو سیاست سے بالا تر ہو کر ایوان کو چلاتا ہے ۔گورنر پنجاب نے کہا کہ عوام کے منتخب نمائندوں کا پنجاب اسمبلی میں یہ افسوسناک رویہ دیکھ کر دکھ ہوا ۔ قائم مقام سپیکر ظہیر اقبال چنڑ نے کہا کہ اسمبلی کا تقدس کسی صورت پامال نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بار بار ہنگامہ آرائی اور اسمبلی کا ماحول خراب کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔ قائم مقام سپیکر نے کہا کہ اسمبلی کے تمام تر فیصلے آئین و قانون کے تحت چلیں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں