کالاشاہ کاکو :راولپنڈی جانیوالی ٹرین کو حادثہ، 30مسافر زخمی

 کالاشاہ کاکو :راولپنڈی جانیوالی ٹرین کو حادثہ، 30مسافر زخمی

شیخوپورہ،کالاشاہ کاکو،اسلام آباد(ڈسٹرکٹ رپورٹر ،نامہ نگار،دنیا نیوز)اسلام آباد ایکسپریس کو کالاشاہ کاکو کے قریب حادثہ، 6 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں جن میں سے 3 الٹ گئیں، 30 مسافر زخمی ہو گئے ،وزیراعظم شہباز شریف نے ٹرین حادثے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے ریسکیو ٹیموں کو جلد امدادی کارروائیوں کی ہدایت کردی ۔

 تفصیلات کے مطابق لاہور سے راولپنڈی کیلئے روانہ ہونیوالی ٹرین اسلام آباد ایکسپریس کو گزشتہ روز کالاشاہ کاکو اور مریدکے کے درمیان حادثہ پیش آگیا اور اس کی 6 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں ،جن میں سے 3 الٹ گئیں،حادثے کے نتیجہ میں 30 مسافر زخمی ہو گئے ، امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے حادثہ نہ پہنچنے کی وجہ سے مسافروں نے اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کارروائیاں شروع کر دیں،بعدازاں 21 افراد کو موقع پر ابتدائی طبی امداد دی گئی جبکہ 9 زخمیوں کو تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال مریدکے منتقل کر دیا گیا جہاں سے ایک زخمی کی حالت تشویشناک ہونے پر میوہسپتال لاہور منتقل کردیاگیا۔ترجمان ریسکیو1122 نے کہا ہے کہ ابتدائی طور پر 25 مسافروں کو ابتدائی طبی امداد دی جبکہ 25 سالہ نوجوان مجاہد حسین کو ریسکیو کرکے ہسپتال منتقل کردیا وہ بوگیوں میں پھنس گیا تھا ۔ترجمان ریلوے کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ گرین لائن ایکسپریس سادھوکی سے مدد کیلئے روانہ کر دی جبکہ راولپنڈی سے لاہور آنے جانے والی ٹرینوں کے روٹ کو عارضی طور پر تبدیل کر دیا ۔ ٹریک کلیئر ہونے تک ٹرینیں براستہ وزیر آباد ، حافظ آباد،سانگلہ ہل اور شاہدرہ سے لاہور پہنچیں گی۔اد ھر وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے ٹرین حادثے کا نوٹس لیتے ہوئے چیف ایگزیکٹیو آفیسر(سی ای او)ریلوے اور ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ (ڈی ایس)ریلوے کو جائے حادثہ پہنچنے کی ہدایت کردی اور انہوں نے حادثہ کی انکوائری کا حکم دیتے ہوئے 7 روز میں رپورٹ بھی طلب کر لی ۔دوسری طرف وزیر اعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے ریسکیو ٹیمز کو جلد از جلد مسافروں کی امداد کیلئے کارروائیوں کا آغاز کرنے اور زخمیوں کو ترجیحی بنیادوں پر فوری طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے ، انہوں نے زخمیوں کی جلد از جلد صحتیابی کیلئے بھی دعا کی ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں