ایک لاکھ میٹرک ٹن چینی کی درآمد کیلئے ایک اور ٹینڈر جاری
اسلام آباد(آئی این پی)حکومت پاکستان نے ایک لاکھ میٹرک ٹن چینی کی درآمد کے لیے ایک اور ٹینڈر جاری کر دیا جبکہ پنجاب کے مختلف ڈویژن میں فراہم کردہ چینی کے اسٹاک کی تفصیلات جاری کردی گئیں۔
ٹی وی کے مطابق ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان (ٹی سی پی) کی جانب سے ایک لاکھ میٹرک ٹن چینی درآمد کرنے کا ٹینڈر جاری کیا گیا ہے جو 11 اگست کو کھولا جائے گا۔ اس سے پہلے بھی ٹی سی پی نے ٹینڈر جاری کیا تھا، جس میں 4 کمپنیوں نے اپنی بولی جمع کرائی تھی۔ بولی جمع کروانے والی کمپنیوں کے ریٹ زیادہ ہونے کے باعث وہ ٹینڈر منسوخ ہونے کا امکان ہے ۔ گزشتہ ٹینڈر کے مطابق درآمدی چینی 227 روپے فی کلو میں پاکستان میں پہنچنا تھی۔ دوسری جانب سیکرٹری پرائس کنٹرول ڈاکٹر احسان بھٹہ کی ہدایت پر کین کمشنر پنجاب نے مختلف ڈویژن میں فراہم کردہ چینی اسٹاک کی تفصیلات جاری کردیں۔ حکام کے مطابق گزشتہ 2 روز میں عام مارکیٹ اور صنعتی استعمال کے لیے ایک لاکھ 82 ہزار 463 میٹرک ٹن چینی فراہم کی جا چکی ہے ، پنجاب بھر میں چینی کا اسٹاک وافر مقدار میں دستیاب ہے اور قلت کے بارے میں خبریں بے بنیاد ہیں۔ترجمان پرائس کنٹرول کے مطابق پچھلے 24 گھنٹوں میں لاہور ڈویژن کے لیے 680، گوجرانولہ ڈویژن میں 489، سرگودھا میں 848، راولپنڈی میں 528 اور ساہیوال میں 327 میٹرک ٹن چینی کا اسٹاک فراہم کیا گیا۔بہاولپور ڈویژن میں 1810، ڈی جی خان میں 1644، فیصل آباد ڈویژن میں 3 ہزار 117 اور ملتان ڈویژن میں 609 میٹرک ٹن چینی کی فراہمی یقینی بنائی گئی۔حکومت گراں فروشوں اور ناجائز ذخیرہ اندوزی کرنیوالوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹ رہی ہے۔