پنجاب میں تلخی اور غصہ بڑھ رہا
لاہور(آئی این پی ) پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے دہائیوں کی منصوبہ بندی اور ذہن سازی کا نتیجہ سامنے آرہا ہے ، پنجاب کیخلاف ایسی منافرت پہلے کبھی نہیں دیکھی، ہر گناہ پنجاب کے کھاتے میں ڈالنا ایک فیشن بن چکا، پاکستان پر اندر سے حملہ پوری قوت سے جاری ہے۔
مسلح جتھوں کی جنگ اپنی جگہ لیکن بغیر اسلحہ ترتیب دئیے گئے لشکر بھی اپنے کام میں مصرو ف ہیں، ان حملوں کا جو اب انصاف اور آئین کی حکمرانی کے بغیر دینا ممکن نہیں ۔اپنے ایک بیان میں خواجہ سعد رفیق نے مزید کہا ہے کہ پنجا بیوں کے دکھ سنے ہی نہیں گئے ، بدقسمتی سے زندگی میں پہلی بار پنجابی دانشوروں اور نوجوانوں میں دوسری نسلی اکائیوں سے بیزار ی کا رویہ دیکھ رہا ہوں، گالیاں اور گولیاں کھا کھا کر اب پنجاب میں تلخی اور غصہ بڑھ رہا ہے ،اس صورتحال کے سب سے بڑے ذمہ دار مارشل لاء مسلط کرنیوالے مائنڈ سیٹ ، انکے بغل بچے ، موقع پرست سیا سی جماعتیں اوروڈیرہ شاہی کے جاگیردارانہ رو ئیے ہیں، نظریہ ضرورت کی حامل عدلیہ بھی منافرت بڑھنے کے گناہ سے بری الذمہ نہیں ہو سکتی ،بہرحال بظاہر سب اچھا ہے شائد اسی لئے اپنی اپنی راگنی بجانے کا عمل جاری ہے البتہ پاکستان کے دشمن اس صورتحال پر نہال اور اپنی سازشوں میں مصروف ہیں۔